محض ایک ہی ڈرامے سے شائقین کے دل جیتنے والی اداکارہ فاطمہ سہیل نے مداحوں کی جانب سے شادی کے سوالوں پر جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ انہوں نے تاحال دوسری شادی نہیں کی۔نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق فاطمہ سہیل نے پہلی شادی 2015 میں اداکار و گلوکار محسن عباس حیدر سے کی تھی، جن سے انہوں نے ستمبر 2019 میں خلع لے لی تھی، انہیں ایک تین سالہ بیٹا بھی ہے، جو ان کے ساتھ ہی رہتا ہے۔شوہر پر تشدد کے الزامات لگانے کے بعد ان سے خلع لینے والی فاطمہ سہیل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اور انہوں نے ’میرا دل، میرا دشمن‘ سے ڈیبیو کیا۔حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر مداحوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے نہ صرف اپنی پہلی شادی پر بات کی بلکہ انہوں نے دوسری شادی سے متعلق پوچھے گئے سوالوں کے بھی جوابات دیے۔ فاطمہ سہیل نے بچیوں کی پرورش کرنے والی خاتون کو اچھا پیغام دیا اور انہیں بتایا کہ زندگی ایک امتحان ہال ہے، جس میں ہر انسان کو بہتر سے بہتر کام کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور تھکنا نہیں چاہیے بلکہ چلتے رہنا چاہیے۔اسی طرح ایک مداح نے ان سے سوال کیا کہ کیا ان کی پہلی شادی محبت کی تھی یا پھر گھر والوں کی جانب سے رشتہ کرایا گیا تھا؟فاطمہ سہیل نے مداح کو جھاڑ پلانے کے بجائے انہیں جواب دیا کہ ان کی پہلی شادی محبت کی شادی تھی۔ایک مداح نے ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے شادی کرلی؟ جس پر انہوں نے ’انکار‘ میں جواب دیا۔ایک فین نے اداکارہ سے سوال کیا کہ طلاق کے بعد انہیں زندگی گزارنے میں کیا مشکلات پیش آ رہی ہیں یا آئیں؟ جس پر اداکارہ نے جواب دیا کہ اگر کسی بھی شخص نے شادی یا تعلق کو بچانے کے لیے 100 فیصد کوشش کی ہو لیکن اس کے باوجود وہ اس میں ناکام رہے تو پھر اسے خود پر ملامت نہیں کرنی چاہیے۔
