پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( ورکرز ) کی صدر ڈاکٹر سعد یہ کمال، جنرل سیکریٹری شاہد علی ، سینئر نائب صدر ناصر شیخ ، نائب صدر ملک توصیف، خازن بلال عزت نقوی، انفارمیشن سیکریٹری عبدالرزاق چشتی نے نجی ٹی وی چینل اسلام آباد کے رپورٹر اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے ممبر غلام رسول گھمبر کے والد کو سول ہسپتال حیدر آباد میں ڈاکٹروں کی غفلت اور لا پرواہی کے نتیجے میں جاں بحق ہو جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت، چیف سیکریٹری سندھ سیکریٹری صحت ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کا دوسرا بڑا سول ہسپتال حیدر آباد کرپشن ، لوٹ مار اور نا اہلی کے باعث تیزی سے تباہی کے دھانے پر پہنچ گیا ہے۔ ہسپتال میں لے جائے جانے والے مریضوں پر ڈاکٹر علاج کیلئے کوئی توجہ نہیں دیتے ۔ صحافی غلام رسول بھمبر کے والد کو تشویشناک حالت پر سول ہسپتال میڈیکل وارڈ تھری میں لے جایا گیا جہاں صحافی غلام رسول اور ان کے اہل خانہ ڈاکٹروں سے علاج کیلئے منت کرتے رہے اس دوران انہوں نے کئی مرتبہ ڈاکٹرز کے روئیے پر احتجاج بھی کیا لیکن مریض کو بروقت طبی سہولیات نہیں دی گئی جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال اربوں روپے کا بجٹ ہونے کے با وجود نا اہل اور سفارشی جونیئر ڈاکٹرز کے ہاتھوں میں دے دیا گیا ہے جو اس ہسپتال کے وسائل کو تو لوٹ رہے ہیں لیکن مریضوں کے علاج پر کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں۔