ڈائریکٹر اقبال اکیڈمی ڈاکٹر عبدالرﺅف رفیقی نے لاہور پر یس کلب کادورہ کیا۔ لائبریر ی کمیٹی کے چیئر مین اور نائب صدر پریس کلب امجد عثمانی کی قیادت میں لائبریری کمیٹی کے ارکان نے معزز مہمان کو پریس کلب کی لائبریر ی کادورہ کرایا۔ ڈاکٹر رفیقی نے لائبریر ی کےلئے ڈاکٹر علامہ اقبال پر اپنے پی ایچ ڈی مقالے سمیت اکیڈمی کی شائع شدہ اہم کتب عطیہ کیں جبکہ لائبریری میں خصوصی گوشئہ اقبال اور ای لا ئبریری کے قیام میں معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ اپنی گفتگو میں ڈاکٹر رفیقی کاکہنا تھا کہ آج کے دورہ میں فکر اقبال کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دنیا بھرمیں اقبال کی شاعری اور فکر کے تراجم کئے جارہے ہیں اور اقوام عالم مفکر پاکستان کے افکار سے استفادہ کر رہی ہیں۔ نائب صدر امجد عثمانی نے کلب آمد پر ڈاکٹر رفیقی کا شکریہ ادا کیا اورلائبریری کمیٹی کے ارکان طارق کامران اور صبا ممتاز بانو کاڈاکٹر رفیقی کو کلب مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ لائبریری کمیٹی کے ارکان شہباز انور خان ، سعید اختر، محمد عبداللہ ، شہزاد فراموش اور سلمان رسول بھی موجودتھے۔