حکومت نے فیک نیوز پھیلانے والوں کے لیے سخت سزائیں تجویز کردیں۔ سائبر کرائم ترمیمی بل کے ابتدائی مسودہ میں فیک نیوز دینے والے کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قانون پریونشن آف الیکٹرانک کرائم ( ترمیمی ) بل 2024ء کہلائے گا اور ترمیم کے ذریعے ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی جائے گی جو کہ ایک چیئرمین اور 6 اراکین پر مشتمل ہوگی جبکہ 3 سال کے لیے چیئرپرسن اور 3 اراکین کا تقرر وفاقی حکومت کرے گی۔سیکرٹریز وزارت اطلاعات ، وزارت آئی ٹی اور چیئرمین پی ٹی اے بھی اتھارٹی کے رکن ہوں گے۔ابتدائی مسودے کے مطابق پیکا ایکٹ کے تحت پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کو حاصل اختیارات ڈی آر پی اے کو مل جایں گے اور اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو رجسٹرڈ اور ان کے لیے شرائط طے کرے گی جبکہ اتھارٹی کو سوشل میڈیا پر غیرقانونی مواد بلاک یا ہٹانے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔اتھارٹی سوشل میڈیا تک رسائی روکنے اور جعلی خبروں پرکارروائی بھی کرے گی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں یا افراد کیخلاف موجود مواد ہٹایا جا سکے گا اور اتھارٹی کو سوشل میڈیا سے دہشت پھیلانے والا مواد ہٹانے کا بھی اختیار ہوگا جبکہ اتھارٹی ریاست اور اداروں کے خلاف نفرت انگیز آن لائن مواد بھی ہٹا سکے گی۔غیرقانونی مواد نشر کرنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کیخلاف بھی کارروائی ہوگی جبکہ اتھارٹی کو وی پی این بلاک یا استعمال محدود کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔ترمیمی مسودے میں غیر قانونی مواد کی تعریف کو بھی کافی وسعت دی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قانون کے ترمیم شدہ مسودے میں 16 قسم کے مواد کو غیرقانونی قرار دیا گیا ہے، ترمیمی قانون میں جعلی خبر دینے پر 5 سال تک سزا دینے کی بھی تجویز بھی پیش کی گئی ہے جبکہ جان بوجھ کر جھوٹی معلومات اور خوف و ہراس پھیلانا جرم تصور ہوگا۔ترمیمی قانون میں بدگمانی پیدا کرنے والوں کو بھی سزا دینے کی تجویز بھی شامل ہیں۔فیک نیوز دینے والے کو 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف ٹربیونل سے رجوع کیا جاسکے گا۔مشیر وزارت قانون بیرسٹر عقیل ملک کی جانب سے پیکا ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کا پیکا ایکٹ میں مزید ترمیم کا فیصلہ اہم قدم ہے اور اس کا مقصد سوشل میڈیا پر جعلی خبروں اور منفی پروپیگنڈے کا خاتمہ ہے۔