سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے نمائندوں کی وزیر اعظم سے ملاقات پر حسد کی بجائے رشک کرنا چاہیے اور انہیں تھپکی دینی چاہیے۔ دنیا نیوز کے پروگرام نقطہ نظر میں گفتگو کرتے ہوئے مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کی اپنی حیثیت ہے اور اس کے ذریعے ایک منٹ میں بات کہاں سے کہاں پہنچ جاتی ہے۔ جس طرح پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی حیثیت کا انکار نہیں کیا جاسکتا اسی طرح ڈیجیٹل میڈیا کی حیثیت کا بھی انکار نہیں کیا جاسکتا ، وزیر اعظم کو ان سے ضرور ملنا چاہیے اور تبادلہ خیال کرنا چاہیے۔سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کا کہنا تھا کہ ہمارے الیکٹرانک میڈیا کے بھائی بند بھی یوٹیوب پر بیٹھے ہوتے ہیں، پتہ نہیں یہ کیوں ایسی رقابت پیدا ہوجاتی ہے، ہمارے الیکٹرانک میڈیا والے بھی تو وزیر اعظم سے ملتے ہیں، انہیں تو ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں سے حسد کی بجائے رشک کرنا چاہیے اور انہیں تھپکی دینی چاہیے۔
