ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی نے کوئٹہ پریس کلب کا تفصیلی دورہ کیا جہاں پر صدر عبدالخالق رند سمیت کابینہ کے دیگر عہدیداروں اور سینیر صحافیوں نے انکا استقبال کیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران سمیت دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ اورنگ زیب کاسی نے کہا کہ موجودہ حکومت میر عبدالقدوس بزنجو، پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و سماجی بہبود بشریٰ رند صوبے بھر میں کام کرنے والے جرنلسٹس کی خدمات اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عصرحاضر میں میڈیا چوتھے ستون کی حیثیت رکھتا ہے، محکمہ تعلقات عامہ میڈیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے باہمی فروغ اور اس سے منسلک افرادی قوت کے مسائل کے حل میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں انفارمیشن کی جنگ میں مربوط لائحہ عمل اپنا کر اور استعداد میں اضافہ کرتے ہوئے ملک صوبے اور عوام کے مسائل کو بہتر طور پر اجاگر کریں۔ صدر کوئٹہ پریس کلب عبدالخالق رند اورسنئیرصحافی رضا الرحمٰن سمیت دیگر عہدیداروں بعداز بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلمان اشرف اور کابینہ کے عہدیداروں نے صوبے میں کام کرنے والے صحافیوں کے مسائل سے آگاہ کیا جن میں جرنلسٹس ویلفیئر فنڈ، ایکڈریشن کارڈز، اسمبلی پاسز، صوبے میں کام کرنے والے حقیقی جرنلسٹس کے لیے میڈیا ہاؤس، گورنر اور وزیر اعلیٰ سمیت دیگر اہم تقریبات کے لیے جرنلسٹس کی رسائی، اخبارات اور جرائد میں کام کرنے والے جرنلسٹس کو حکومتی متعین کردہ تنخواہ اور اجرت کی بروقت فراہمی میں اخبار میگزین مالکان کو پابند کروانا سمیت دیگر مسائل پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈی جی پی آر بلوچستان اورنگ زیب کاسی نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند کی واضح ہدایات کی روشنی میں مندرجہ بالا مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
