ڈیسک ایڈیٹرایسوسی ایشن آف پاکستان (دیپ) نے آج نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی جانب سے صحافیوں کےلیے پلاٹوں کے اعلان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ہنگامی اجلاس میں دیپ نے وزیراعلیٰ کی جانب سے 3300 پلاٹوں کی اسکیم میں ڈیسک ایڈیٹرز کو یکسر نظرانداز کرنے پر غم وغصے کا اظہار کیا۔اور اسے صحافیوں کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔ چیئرمین دیپ ذاکر علی اعوان نے کہا خود ایک بڑا نیوزمیڈیا نیٹ ورک چلانے والے وزیراعلیٰ اس بات سے کیسے لاعلم ہیں کہ نیوز ڈیسک اور اسائنمنٹ ڈیسک پر فرائض سرانجام دینے والے ہی اصل صحافی ہوتے ہیں جو رپورٹرز اور نمائندگان کی طرف سے آنے والی خبر کو ادارے کی پالیسی، پیمرا قوانین، قواعد وضوابط ، قومی مفاد اور معاشرتی اقدار کے عین مطابق بناتے ہیں اور پھراسے نشر یا شائع کرتے ہیں۔ نیوز چینل اور اخبارات میں ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے اصل صحافیوں کو پلاٹ دیتے وقت صحافیوں کی فہرست سے ہی خارج کر دینا کس کا ایجنڈا ہے؟ صحافی برادری میں اکثریت رکھنے والے ڈیسک ایڈیٹرز کو رپورٹرز اور کیمرہ مینوں سے الگ کرکے صحافیوں کے درمیان تقسیم کی سازش کس کے کہنے پر رچائی جا رہی ہے؟ چیئرمین دیپ نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اس سلسلے میں کوئی وضاحت نہ آئی تو ملک بھر کے ڈیسک ایڈیٹرز شدید احتجاج کریں گے۔ واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے آج پنجاب بھر کے صحافیوں کے لیے 3ہزار 3سو پلاٹوں کا اعلان کیا گیا۔ جس میں رپورٹرز کے لیے 7 مرلہ اور کیمرہ مین اور فوٹو جرنلسٹ کے لیے 3 مرلہ پلاٹ دینے کا کہا گیا ہے۔ اسکیم کے تحت پلاٹ رعایتی قیمت اور آسان اقساط میں دیے جا رہے ہیں۔
ڈیسک ایڈیٹرز کو نظرانداز کرنا تشویشناک ہے، دیپ۔۔
Facebook Comments