ڈیسک ایڈیٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (دیپ) کا ہنگامی اجلاس 21 جنوری بروز ہفتہ رات 8بجے کراچی پریس کلب کے ابراہیم جلیس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں شرکا نے رواں سال انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کی جانب سے جاری ایکریڈیشن فارم پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ شرکا نے اس بات پر شدید غم وغصے کااظہار کیا کہ ایکریڈیشن کارڈ کی منظوری کے لیے بلائے گئے اجلاس میں سینئر صحافیوں کی موجودگی میں اس طرح کا فیصلہ کیا گیا جس سے صحافیوں کا اکثریتی طبقہ یعنی ڈیسک ایڈیٹرز ایکریڈیشن کارڈ کے حصول سے محروم رہ جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں درج ذیل مطالبات کئے گئے ہیں۔
1۔ ایکریڈیشن فارم کی شق نمبر9 میں نئی شامل کی گئی تمام ذیلی شقیں ختم کی جائیں۔
2۔ شق نمبر15 میں ہر ادارے سے صرف ایک فوکل پرسن کی پابندی ختم کرکے اس کی جگہ ڈائریکٹر نیوز، کنٹرولر نیوز اور بیورو چیف کے دستخط اور ادارے کی مہر کی شرط رکھی جائے۔
3۔ چینل، اخبار یا کسی بھی ذرائع ابلاغ کی جانب سے صحافیوں کی فہرست کی شرط ختم کی جائے، کیونکہ ادارہ صرف انہی صحافیوں کے ایکریڈیشن فارم پرمہر ثبت کرتا ہے جو اس وقت ادارے کے ملازم ہوتے ہیں۔ لہٰذا صحافیوں کو ادارے سے لسٹ کی فراہمی میں ہر سال شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس کے باوجود کئی صحافی فہرست میں شامل ہونے سے رہ جاتے ہیں۔
4۔ ایکریڈیشن کارڈ کی مدت 31دسمبر کے بجائے 31مارچ رکھی جائے تاکہ صحافیوں کو نئے سال کا ریلوے ڈسکاؤنٹ کارڈ بنوانے میں آسانی رہے۔
5۔ ایکریڈیشن فارم اور ایکریڈیشن پالیسی کی منظوری کے لیے ہونے والے سالانہ اجلاسوں میں دیپ کے نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے۔
چیئرمین دیپ ذاکرعلی اعوان کی زیرصدارت یک نکاتی ہنگامی اجلاس میں ساحر بلوچ، خیراللہ عزیز، یاسر عرفات، سکندر آفاق، سید محمد مدثر، عبدالرحمان بیگ، فرید ثانی، عارف حسین، احسن اعوان، منیب احمد، مبشر محمد، کامران سرور، احسن خان اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔
بعد ازاں صدر کراچی پریس جناب سعید سربازی کو اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی اور آمد پر انہیں اجلاس کے فیصلوں اور ڈیسک ایڈیٹرز کے تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اطلاعات، سیکریٹری اطلاعات، ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور صدر کراچی پریس کلب کو خطوط لکھے جائیں گے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے صدر کراچی پریس کلب نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور بروز پیر یا منگل کو دیپ وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر انفارمیشن سے ملنے جانے کا وعدہ کیا تاکہ اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔دیپ کے اہم ترین اجلاس میں ایسوسی ایشن کو فعال رکھنے کے لیے تمام ارکان نے متفقہ طور جناب خیراللہ عزیز کو جنرل سیکرٹری کی ذمہ داری سونپنے کی منظوری بھی دی۔
ڈیسک ایڈیٹرزکی تنظیم کے ایکریڈیشن فارم پر تحفظات۔۔
Facebook Comments