دیپ نے کراچی کے ڈیسک ایڈیٹرز کے ایکریڈیشن کارڈز کا دیرینہ مسئلہ حل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ڈیسک ایڈیٹرز نے مسئلے کے حل کیلئے بھرپور تعاون کرنے پر وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس سلسلے میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں چیئرمین دیپ ذاکر علی اعوان نے بتایا کہ کراچی کے میڈیا دفاتر میں ذمہ داریاں نبھانے والے صحافیوں کو طویل عرصے سے ایکریڈیشن کارڈ کے حصول میں دشواری کا سامنا تھا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے میڈیا ایڈوائزر عثمان غازی نے جس خلوص سے ڈیسک ایڈیٹرز کے مسئلے کے حل کیلئے اپنی خدمات پیش کیں وہ قابل تحسین ہیں۔ چیئرمین دیپ نے بھرپور تعاون کرنے پر سیکریٹری انفارمیشن رفیق برڑو کا بھی شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ذاکر علی اعوان کا کہنا تھا کہ تینوں شخصیات نے نہ صرف رواں سال ایکریڈیشن کارڈز کا مسئلہ حل کیا بلکہ وہ مستقبل کیلئے بھی دیپ کے ساتھ مل کر ایسا میکنزم بنانے کیلئے پُرعزم ہیں تاکہ آئندہ کسی ڈیسک ایڈیٹرکو ایکریڈیشن کارڈ بنوانے میں دشواری نہ ہو۔ خصوصی اجلاس میں دیپ کے عہدیداران ساحر بلوچ، شمس الواحد، سید عتیق احمد، ظہیر اعوان ،جنرل سیکریٹری عدیلہ انعام، سیکریٹری نشرواشاعت عبدالرحمان بیگ اور چیئرمین ایکریڈیشن کارڈ کمیٹی عابد خان سمیت کمیٹی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔
