15 saal pehle web series heeramandi ki offer hui thi

ڈپریشن کا شکار رہ چکی ہوں، علاج موجود ہے،ماہرہ خان۔۔

معروف اداکارہ ماہرہ خان نے ایک بار پھر ماضی میں شدید ڈپریشن میں مبتلا رہنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ذہنی مسائل کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات کا بھی سامنا کیا لیکن انہیں مدد بھی ملی۔ماہرہ خان نے حال ہی میں آمنہ حیدر عیسانی کے پوڈکاسٹ میں ایک بار پھر ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ڈپریشن سمیت دیگر بیماریوں کا شکار ہونے کے وقت شرمندگی محسوس نہ کریں اور لوگوں سے بات کریں۔ماہرہ خان نے پوڈکاسٹ میں اپنی ذہنی صحت کے مسائل کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہوں نے مشکل وقت دیکھا اور پھر اپنی بیماری پر بات کرتے ہوئے لوگوں سے مدد کی اپیل کی۔ماہرہ خان نے اس بات پر زور دیا کہ جو لوگ ذہنی مسائل اور ڈپریشن کا شکار ہوں، ایسے افراد کو شرمندگی کو چھوڑ کر نہ صرف ڈاکٹرز اور ماہرین کے پاس جانا چاہیے بلکہ اپنے ارد گرد موجود لوگوں سے بھی بات کریں۔ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت کے بارے میں سطحی طور پر بات کرنا آسان ہے لیکن اس کی گہرائی میں جانا اور اسے سمجھنا مشکل ہے۔اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ’ڈپریشن‘ شرمندگی نہیں بلکہ بیماری ہے، جس کا علاج موجود ہے، اس کی ادویات ہیں اور اسے بہتر بنانے کے لیے ماہرین بھی ہیں، اس لیے ہر کسی کو اس پر بات کرنی چاہیے۔ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ جب ان کی حالت بہت زیادہ خراب تھی تو ادویات نے ہی ان کی سب سے زیادہ مدد کی، اس کے بعد روحانی تسکین اور لوگوں کی مدد نے انہیں ڈپریشن سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ ڈپریشن کے وقت وہ ہر وقت دعائیں مانگتی رہتی تھیں، خدا کے قریب ہوگئی تھیں جب کہ مشکل وقت میں انہیں ان کے بہترین دوستوں، اہل خانہ اور بیٹے کی مدد بھی حاصل رہی۔پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ اب 40 سال کی عمر کو چھو رہی ہیں، ایسے میں وہ بشریٰ انصاری اور عتیقہ اوڈھو سے متاثر ہیں جو کہ اپنی ماں کی ذمہ داریاں نبھانے کے بعد بھی شوبز سمیت تمام شعبہ جات میں متحرک ہیں اور ساتھ ہی اپنی صحت کا بھی خیال رکھ رہی ہیں۔ماہرہ خان ماضی میں بھی ڈپریشن پر بات کر چکی ہیں اور اگست 2023 میں انہوں نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ 2016 میں بولی وڈ فلم ’رئیس‘ میں کام کرنے کے بعد وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔انہوں نے بتایا تھا کہ ’رئیس‘ میں کام کرنے کے بعد بھارتی میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر ان پر برے انداز میں تنقید کی گئی اور وہ خود پر ہونے والی تنقید کو دیکھ کر ذہنی مسائل کا شکار ہوگئی تھیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں