samaa digital ka mosamiyati sahafat par workshop ka ahtemam

سماٹی وی سے برطرف صحافیوں کی فوری بحالی کا مطالبہ۔۔

 پنجاب یونین آف جرنلسٹس نے نجی ٹی وی چینل سماء نیوز میں سینئر صحافیوں کو ادارے سے برطرف کرنے پر شدید تحفظات اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سما نیوز کے مالک اور وفاقی وزیر عبد العلیم خان کو اس معاملہ کا نوٹس لینے اور نکالے گئے صحافیوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، سینئر نائب صدر یوسف رضا عباسی، نائب صدر ندیم زعیم ،جوائنٹ سیکرٹری مدثر حسین تتلہ ،شیر علی خالطی ، خزانچی نسیم قریشی اور ایگزیکٹو کونسل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت سماء نیوز چینل کا شمار ایسے میڈیا اداروں میں ہوتا ہے جہاں کا ماحول اور ورکنگ انوائرمنٹ کئی میڈیا اداروں سے بہتر ہے۔ یہاں تمام ورکرز کی سیلری بروقت ہے جبکہ میڈیا ورکرز کو بونس سمیت دیگر مراعات مل رہی ہیں۔ جس کا اظہار پی یوجے نے اپنی پریس ریلیز میں بھی کیا اور سما نیوز کے مالک وفاقی وزیر عبد العلیم خان کو خراج تحسین بھی پیش کیا تھا مگر اب کچھ روز قبل سماء نیوز میں دو سینئر رپورٹرز کو نوکری سے جس انداز میں برطرف کر کے نکالا گیا ہے وہ قابل تشویش بھی اور حیرت انگیز بھی۔ پی یو جے صدر نعیم حنیف نے کہا ایسے لگ رہا ہے کہ سماء نیوز میں کچھ ایسے عناصر گھس آئے ہیں جو اینٹی ورکرز ہیں اور ادارے کے دشمن بھی ہیں انہیں سماء نیوز اور اس ادارے کے مالک عبد العلیم خان کی یہ نیک نامی ایک آنکھ نہیں بھا رہی جس کی وجہ سے ادارے میں برطرفیوں کے ذریعے ہولناک منظر پیدا کرکے ورکرز میں بے چینی پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے سماء نیوز کے مالک سے اس کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ پی یوجے کے جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے کہا ہے کہ عبد العلیم خان اس معاملہ کا فوری نوٹس لیں اور برطرفیوں کے اس اقدام کو واپس لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر سماء نیوز کی انتظامیہ نے صحافیوں کی برطرفی کا فیصلہ واپس نہ لیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔ پی یوجے کی ایگزیکٹو کونسل نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سماء نیوز کے مالک عبد العلیم خان اس فیصلے کو وآپس لیں گے۔ جس سے ورکرز کے دل میں ان کی قدر و منزلت بڑھے گی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں