گوجرانوالہ پریس کلب کوضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آٹھ سال بعداحسن طریقے سے ڈی سیل کرکے گوجرانوالہ پریس کلب کی منتخب باڈی کے حوالے کردیا ہے ۔ اس موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب کے صدر انصرشہراد،سینئر نائب صدر شفقت عمران ، جنرل سیکرٹری سردار محمد ذیشان طاہر، گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس کے صدر چوہدری یاسر جٹ ، پی ایف یوجے کے نائب صدر راجہ حبیب الرحمن ، سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے و صدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری ، آر آئی یوجے کے صدر طارق ورک ، اسلام آباد پریس کلب کے سابق صدر انور رضا، شبیر چوہدری اور حافظ اقبال اور گوجرانوالہ کے صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے وصدر لاہورپریس کلب ارشد انصاری نے وزیراطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے قراردیاکہ انھوں نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آج گوجرانوالہ پریس کلب ڈی سیل کرکے ایک مرتبہ پھرصحافی دوست ہونے کا ثبوت دیاہے۔ ارشد انصاری نے اس موقع پر گوجرانوالہ پریس کلب کے ڈی سیل ہونے پر صدر انصر شہزاد، سنیئرنائب صدر شفقت عمران، جنرل سیکرٹری محمد ذیشان طاہر اورتمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔انھوںنے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پولیس کاگوجرانوالہ پریس کلب کو ڈی سیل کرنے کے لئے احسن طریقے سے تمام عمل مکمل کرنے پرشکریہ اداکیااور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ ارشد انصاری نے مزید کہاکہ پنجاب بھرکے تمام پریس کلبز میں انتخابات کے ذریعے باڈیز کو منتخب کیاجائے گا اورحکومت پنجاب کے وعدے کے مطابق صوبے بھر میں صحافی کالونیزبنائی جائیں گی۔انھوںنے بتایاکہ پنجاب حکومت نے صوبے بھرکے صحافیوں کی فلاح و بہود کے لئے بجٹ میںانڈونمنٹ فنڈ میں ایک ارب روپے مختص کردیئے ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔
