پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے ڈان کے کرائم رپورٹر منور عظیم کو دھمکیوں کی شدید مذمت کی ہے اور نامعلوم افراد کی جانب سے ان کے گھر میں کھڑی گاڑی میں گھسنے کی کوشش پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس پر زور دیا کہ وہ تمام میڈیا پرسنز کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک عرصے سے صحافیوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں لیکن حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی۔ان کا کہنا تھا کہ حکام صحافیوں سمیت تمام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے پابند ہیں۔ دریں اثنا راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے مقامی صحافی منور عظیم کو دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک ،فنانس سیکرٹری حنیف الرحمن اور مجلس عاملہ کے اراکین نے کہا کہ حکومت صحافیوں کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے آئے روز صحافیوں کو دھمکیاں،تشدد،اغوا،قتل اور جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں جو عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی کا باعث بن رہے ہیں، منور عظیم کو تحفظ فراہم کیا جائے اور اگر ان کو،فیملی کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد پر ہوگی ۔
