معروف اینکرجیسمین منظور کی زندگی کا سیاہ باب

خصوصی رپورٹ۔۔

معروف ٹی وی میزبان اور سینئر صحافی جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر بدترین جسمانی تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے اپنی تشدد زدہ تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں، جس کے بعد ملک بھر میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔جیسمین منظور نے 16 جولائی کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر متعدد ٹوئٹس کرتے ہوئے لکھا کہ تصاویر میں نظر آنے والی زخمی اور لہولہان خاتون کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی ذاتی زندگی کا وہ سیاہ باب ہے جسے وہ طویل عرصے سے خاموشی سے جھیل رہی تھیں۔تصاویر میں جیسمین کے چہرے، بازوؤں اور جسم کے دیگر حصوں پر واضح زخموں اور سوجن کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جن کے نیچے ”4 جون“ کی تاریخ درج ہے، تاہم سال کا تعین نہیں ہو سکا۔انہوں نے لکھا، ’یہ میرے ساتھ پیش آنے والی حقیقت ہے، یہ میرا جسم ہے، میری تکلیف ہے۔جیسمین منظور نے دعویٰ کیا کہ ان پر یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب وہ اپنی والدہ کے انتقال جیسے بڑے صدمے سے دوچار تھیں۔ انہوں نے کہا، ’میری خوبصورت زندگی ایک درندہ صفت مرد نے برباد کر دی، مگر میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ان کا سابق شوہر گزشتہ چھ ماہ سے کراچی کے جناح اسپتال میں ’عیاشی کی زندگی‘ گزار رہا ہے، مگر اب تک کسی نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔جس دن یعنی 4 جون کو جیسمین منظور پر مبینہ تشدد ہوا اسی دن انہوں نے ایکس کے مالک ایلون مسک کو ٹیگ کرکے خود پر ہونے والے تشدد کی شکایت کی لیکن اس پوسٹ پر زیادہ لوگوں نے توجہ نہیں دی۔ اس پوسٹ کو ایکس پر صرف ساڑھے 10 ہزار کے قریب لوگوں نے دیکھا۔ اس پوسٹ میں انہوں نے کہا “ایلون مسک کے لیے:مجھے نہیں معلوم کہ آپ اپنے پیغامات پڑھتے ہیں یا نہیں، کیونکہ آپ ایک نہایت مصروف انسان ہیں۔میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون صحافی ہوں اور مجھے آپ کی مدد درکار ہے۔یہ خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسانی کے خلاف ایک جدوجہد کا معاملہ ہے۔میں خود اس کا شکار ہوں، اور چاہتی ہوں کہ آپ اس معاملے میں میری مدد کریں۔اسی روز انہوں نے ایک اور پوسٹ میں سی این این کو ٹیگ کیا اور کہا ” یہ کہانی دنیا کو سنائی جانی چاہیے، میری کہانی جس میں مجھے تشدد، بدسلوکی اور زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک صحافی ہوں، اگر میرے ساتھ یہ سب کچھ ہوا، تو ذرا تصور کریں اُن بے شمار خواتین کا جو آج بھی تنہا اپنی جنگ لڑ رہی ہیں، بغیر کسی مدد کے۔” ان کی ایکس پر کی گئی اس پوسٹ کے ویوز تین ہزار سے بھی کم ہیں۔9 جون کو کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے کسی خاتون پر گھر توڑنے کا الزام لگایا۔ 14 جون کو جیسمین منظور نے جنسی ہراسانی پر ڈاکیومنٹری بنانے کا اعلان کیا اور متاثرہ خواتین سے درخواست کی کہ ان کے ساتھ رابطہ کریں۔18 جون کو انہوں نے ایک پوسٹ کی اور لکھا ” اے خدا تیرا شکر ہے کہ تو نے مجھے ایک منافق مرد اور منافق عورت سے بچایا۔ انہوں نے میری زندگی تباہ کردی، میں ان کا معاملہ اللہ اور آخرت پر چھوڑتی ہوں۔ٹی وی میزبان نے واضح طور پر خود پر ہونے والے تشدد کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم ان کی جانب سے اپنی تشدد زدہ تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے ان کے سابق شوہر کو گرفتار کرکے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مشہور ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے اپنے سابق شوہر کے ہاتھوں تشدد کا دعویٰ کیا تھا، جس پر ان کے شوہر کو گرفتار کیا گیا، تاہم بعد میں انہوں نے معاف کر دیا تھا۔ٹی وی میزبان نے خود پر بدترین تشدد کا دعویٰ کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑ دیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں