تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے ’ انکشاف‘ کیا ہے کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام دیکھنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور رو پڑے۔میرے پاس تم ہوکے اختتام کے بعد پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا جارہا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کو بھی زبردستی شامل کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے ’انکشاف‘ کرتے ہوئے لکھا’دانش جانتا تھا ،سکون صرف قبر میں ہے،وزیراعظم عمران خان بھی رو پڑے۔خیال رہے کہ یہ جملہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے اس لیے اسے مذاق ہی سمجھا جائے، ضروری نہیں کہ وزیر اعظم نے یہ ڈرامہ دیکھا ہو البتہ وفاقی وزرا نے یہ ضرور دیکھا ہے جن میں سر فہرست فواد چوہدری ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں عامر لیاقت نے لکھا ” دانش جان چکا تھا کہ فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر کی عمران خان سے ملاقات ہو چکی ہے ، سب سے بڑا خواب کہ وہ فیس بک خریدے گاپورانہیں ہوسکتا اسی لیے وہ ’مہوش‘ کا فیس دیکھ کر مرگیا، مہوش نے ویسے بھی فیس پر بہت کام کرالیاتھا اور’حیات‘ کا مقصد صرف ’دانش دشمنی‘ بنالیا۔عامر لیاقت کے ٹویٹ میں ’‘ کے اندر لکھے گئے الفاظ پر غور کیا جائے تو ان کی یہ بات ڈرامہ میرے پاس تم ہو سے زیادہ سیاسی حالات پر تبصرہ لگتی ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں دانش کی موت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ”ایک وجہ یہ بھی تھی کہ نونیوں نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں ’دانش‘ کا نام بھی ڈلوادیا تھاپیسے سے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے نا، وہ اِسی اُدھیڑ بن میں رومی کو لے کر مہوش سے ملنے نکلا، رومی کوسمجھاتارہاکہ’ ہماری لندن میں توکیاپاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں۔
ڈرامے کے اختتام کے بعد ایک ٹویٹ میں فواد چوہدری نے اے آر وائی گروپ کو تاریخی ڈرامہ نشر کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈرامے کے لکھاری سمیت ساری کاسٹ داد کی مستحق ہے۔انہوں نے ایک بار پھر ایمازون اور نیٹ فلکس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔ فواد چوہدری نے لکھا ’ میں ایک بار پھر ایمازون اور نیٹ فلکس سے کہتا ہوں کہ وہ پاکستانی فلم اور ڈرامے میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان میں انڈیا سے زیادہ بہتر دماغ موجود ہیں، ہمارا میوزک بھی ان سے کہیں اچھا ہے، اگر آپ پاکستان آئیں تو آپ کو افسوس نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی فواد چوہدری نیٹ فلیکس اور ایمازون کو پاکستان آنے کی دعوت دے چکے ہیں، وہ راکٹس اور گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کا کہہ چکے ہیں۔