khusra qanoon | Imran Junior

’’دانش‘‘ کی موت…

دوستو،اس قوم کے ساتھ روز ڈرامے پہلے ہی کیا کم ہورہے تھے، ایک ڈرامے نے پوری قوم کو اپنے سحر میں مبتلا کردیا۔۔ میرے پاس تم ہو۔۔ کی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ اس نے مقبولیت کے تمام گذشتہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں جبکہ ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمان قمر خواتین سے متعلق اپنے بیانات پر تنقید کی زد میں رہے۔ڈرامہ کی ریکارڈ توڑ کامیابی کے دعوے کی سچائی کو جانچنے کے لیے کوئی مستند پیمانہ نہیں ہے لیکن اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ یوٹیوب پر اس کی ہر قسط کو کروڑوں افراد نے دیکھا اور ہر سنیچر کو جب اس کی قسط نشر ہوتی تھی تو یہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں ہوتا تھا۔ہمارے خیال میں اس ڈرامے کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کا مارکیٹنگ پلان بھی ہے۔ ڈائریکٹر کی سب سے بڑی کامیابی ہر قسط کو ایک نئے کلائمیکس پر ختم کرنا تھا جس کی وجہ سے ناظرین اس کی اگلی قسط کا شدت سے انتظار کرتے تھے۔ یہ ڈرامہ جتنے عرصہ چلا، سوشل میڈیا پر چھایا رہا، جس سے ان کی مضبوط اسٹرٹیجی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے، اس کے ڈائیلاگز، اس کے سین، اس کے کردار سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے رہے، ہفتہ گزرتا نہیں تھا نئی قسط آجاتی تھی پھر نئی باتیں نئے معاملات سوشل میڈیا کی بھینٹ چڑھ جاتے۔۔بزنس کے اعتبار سے بھی ہماری معلومات کے مطابق یہ ڈرامہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا سب سے مقبول ترین رہااور آئندہ کافی عرصے تک شاید ہی کوئی اور ڈرامہ اس منزل کو پاسکے۔۔گزشتہ ہفتے کے روز اس کی آخری قسط سینما گھروں پر ریلیز کی گئی۔۔

ڈرامے کی آخری قسط دیکھنے کے دوران لاہور کے علاقے آؤٹ فال روڈ پر ایک خاتون کا بلڈ پریشر لو ہوگیا جس کے باعث ان کی حالت بگڑ گئی۔ گھر والوں نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی جس کے ریسکیورز نے فوری رپورٹ کیا اور خاتون کی جان بچائی۔ریسکیو 1122 کے رجسٹر کے مطابق خاتون کا بلڈ پریشر انتہائی کم ہوگیا تھا جس پر انہیں ابلا ہوا انڈہ کھلایا گیا تو ان کی طبیعت فوری بحال ہوگئی۔۔۔۔ ڈ رامے کی آخری قسط میں دانش کی موت نے بہت سے مداحوں کی آنکھوں میں آنسو بھر دئیے۔سوشل میڈ یا پر دانش کی موت کی مضحکہ خیز وجہ بھی سامنے آگئی۔ایک صارف نے وڈیو شیئر کی جس میں معروف کرکٹر انتہائی بے سری آواز میں ’’میرے پاس تم ہو‘‘کا او ایس ٹی گنگنا رہے ہیں۔ساتھ ہی اس نے پیغام لکھا کہ یہ دانش کو ہارٹ اٹیک کی اصل وجہ ہے۔ڈرامہ سیریل کی فین فالونگ کا اندازہ یہاں سے لگایا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی دانش کی موت ہوئی تو نجی ٹی وی سٹی 42 نے اس کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلایا۔ صرف یہی نہیں بلکہ دیگر صحافی بھی فیس بک پر دانش کی موت کا ہی تذکرہ کرتے نظر آئے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے’ انکشاف‘ کیا کہ ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا اختتام دیکھنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور رو پڑے۔میرے پاس تم ہوکے اختتام کے بعد پاکستانیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کیا جارہا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کو بھی زبردستی شامل کردیا گیا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے ’انکشاف‘ کرتے ہوئے لکھا’ دانش جانتا تھا ،سکون صرف قبر میں ہے،وزیراعظم عمران خان بھی رو پڑے۔ خیال رہے کہ یہ جملہ سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہے اس لیے اسے مذاق ہی سمجھا جائے، ضروری نہیں کہ وزیر اعظم نے یہ ڈرامہ دیکھا ہو البتہ وفاقی وزرا نے یہ ضرور دیکھا ہے جن میں سر فہرست فواد چوہدری ہیں۔ایک اور ٹویٹ میں عامر لیاقت نے لکھا ’’ دانش جان چکا تھا کہ فیس بک کی چیف آپریٹنگ آفیسر کی عمران خان سے ملاقات ہو چکی ہے ، سب سے بڑا خواب کہ وہ فیس بک خریدے گاپورانہیں ہوسکتا اسی لیے وہ ’مہوش‘ کا فیس دیکھ کر مرگیا، مہوش نے ویسے بھی فیس پر بہت کام کرالیاتھا اور’حیات‘ کا مقصد صرف ’ دانش دشمنی‘ بنالیا۔عامر لیاقت کے ٹویٹ میں’’کوماز‘‘ کے اندر لکھے گئے الفاظ پر غور کیا جائے تو ان کی یہ بات ڈرامہ میرے پاس تم ہو سے زیادہ سیاسی حالات پر تبصرہ لگتی ہے۔انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں دانش کی موت کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ’’ایک وجہ یہ بھی تھی کہ نونیوں نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں ’ دانش ‘ کا نام بھی ڈلوادیا تھاپیسے سے تو کچھ بھی ہوسکتا ہے نا، وہ اِسی اْدھیڑ بن میں رومی کو لے کر مہوش سے ملنے نکلا، رومی کوسمجھاتارہاکہ’ ہماری لندن میں توکیاپاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں۔

ڈرامے کے اختتام پر سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔۔ کسی نے لکھا۔۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹروں کی لا پرواہی کے باعث دانش کی موت کا از خود نوٹس لے لیا، ہسپتال کا ایم ایس اور تینوں ڈاکٹرز معطل، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم، یاسمین راشد وزیر صحت کو 24 گھنٹوں میں تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا۔۔ کوئی لکھ رہا تھا۔۔ دانش کی موت پر سندھ حکومت نے ہسپتال کے ایم ایس کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ مئیر کراچی ہسپتال پہنچ گئے۔ مہوش سے دلی ہمدردی کا اظہار۔ کے ایم سی میں نوکری کی پیشکش کردی۔۔ایک نے یوں اپنے دل کی آگ بجھائی کہ۔۔حکومت نے دانش کے انتقال پر ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے، پرچم سرنگوں رہے گا۔۔ایک صاحب نے لکھا۔۔میرے پاس تم ہو ڈرامے کے مرکزی کردار دانش جو انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔جس پر ایک اور صاحب نے تبصرہ کیا کہ ۔۔۔اصل میں دانش کو اس بات کا احساس ہو گیا تھا کہ سکون قبر میں ہی ہے۔۔ایک صحافی نے کمنٹس کیا کہ۔۔ دانش مر بھی گیا تو کیا ہوا، بھٹو توزندہ ہے نا۔۔جب ایک شخص نے ڈرامے میں ’ دانش کے قتل‘ کے خلاف اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے دینے کی مزاحیہ پوسٹ کی تو اسلام آباد کے ڈی سی محمد حمزہ شفقات نے اس کے ردعمل میں جواب داغ دیا۔ڈی سی اسلام آباد نے مذاق میں کہا کہ۔۔ڈی چوک ریڈ زون میں ہے۔ آپ این او سی کے لیے درخواست دیں۔ پریس کلب تک کی اجازت دے سکتے ہیں۔ سرکاری افسر کی موت کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔۔ملک ریاض نے دانش کے لواحقین کو بحریہ ٹاؤن میں پلاٹ دینے کا اعلان کردیا۔۔

سوشل میڈیا پر دانش کی موت پر رکھی گئی تعزیتی کتاب میں عوامی تاثرات کچھ اس طرح سے درج کئے گئے۔۔ دانش کی موت ایک بھیانک خواب ہے۔۔ دانش کی موت سے عاشقوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ ۔ دانش کے انتقال سے ملک میں مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔۔ دانش کی موت سے ملک بھر میں آٹے ،چینی کے بعد چاول کی شارٹیج ہونے کا خدشہ پیداہوگیاہے۔۔ دانش کی موت سے کشمیر کاز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔۔. دانش کی موت کے ذمہ دار کو سکون نصیب نہیں ہوگا۔۔ دانش کی موت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پر نہیں ہوسکتا۔۔ن لیگی ترجمان نے نیا بیانیہ دیتے ہوئے کہا کہ۔۔جو ڈاکٹر ہٹے کٹے دانش کو نہ بچا سکے وہ ہمارے قائد کا علاج کیسے کرتے، اسی لیے پاکستانی ڈاکٹروں پر بھروسہ نہیں اور ہمارے قائد کو لندن جانا پڑا۔۔۔ایک صاحب نے جلے کٹے انداز میں کہا۔۔جس اسپتال نے اب تک بھٹو کو زندہ رکھا ہوا ہے اگر دانش کو بھی وہی داخل کراتے تو شاید دانش آج ہم میں موجود ہوتا۔۔ایک یوتھیئے نے لکھا۔۔سوچنے کی بات ہے، اگر میاں صاحب کئی ہارٹ اٹیک سے بچ سکتے ہیںتو دانش کا ہارٹ اٹیک پہلا اور آخری کیوں ثابت ہوا؟لڈن جعفری بھی پیچھے نہیں رہے ، انہوں نے کہا۔۔ دانش کی لاش کو نیپال لے جانے کا انتظام کیاجارہا ہے ،رات وہاں گزارے اور صبح اٹھ کر گھر آجائے گا، تمام فینز حوصلہ رکھیں۔۔

چلتے چلتے آخری بات۔۔ڈرامہ ختم، دانش کی موت بھی دیکھ لی۔۔اب نیا شغل لگانا ہے۔۔پی ایس ایل ہونے والی ہے۔۔لاہور قلندرز اور رانا جی ہیں ناں۔۔

How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں