آئی جی سندھ کا کرائم رپورٹرز کو افطار ڈنر، کراچی اسٹریٹ کرائمز کی نمایاں کوریج کے شکوے۔۔تفصیلات کے مطابق انسپیکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کراچی کے کرائم رپورٹرز کے اعزاز میں پروقار افطار ڈنر دیا اور ان کے ساتھ کافی وقت گزارا۔باتھ آئی لینڈ میں واقع آئی جی پولیس ہاؤس کے وسیع و عریض اور خوبصورت لان میں ہوئی تقریب میں مختلف ٹی وی چینلز، اخبارات اور ڈیجیٹل و سوشل میڈیا سے منسلک کرائم رپورٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں کراچی کے ڈی آئی جیز اور ضلعی پولیس سربراہان بھی خاص طور پر شریک ہوئے۔انسپیکٹر جنرل پولیس سندھ غلام نبی میمن، دیگر پولیس افسران اور کرائم رپورٹرز نے ایک ساتھ باجماعت نماز مغرب ادا کی۔جس کے بعد آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کھانے سے پہلے صحافیوں سے مختصر خطاب میں ہلکے پھلکے انداز میں کراچی کے جرائم کی رپورٹنگ کے حوالے سے کرائم رپورٹرز سے گلے شکوے کئے۔انہوں نے حوالہ دیا کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک دن میں اسٹریٹ کی 400 وارداتیں ہوئیں مگر وہاں کے میڈیا پر کراچی کے اسٹریٹ کرائم کی طرز کی نمایاں کوریج نہیں دیکھی گئی۔غلام نبی میمن نے دنیا کے مختلف ممالک میں یومیہ بنیادوں پر ہونے والے جرائم اور ان کی کوریج کا بھی حوالہ دیا، ان کی گفتگو میں کرائم رپورٹرز سے شکوہ جھلک رہا تھا۔ آئی جی سندھ نے کرائم رپورٹرز کو پرتکلف ڈنر کرایا جس میں لائیو باربی کیو کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔آئی جی سندھ تقریب میں کرائم رپورٹرز میں گھل مل گئے، کرائم رپورٹرز نے ان کے ساتھ تصاویر، سیلفیاں اور ویڈیوز بنائیں اور رات تراویح کا وقت ہونے تک گفت و شنید جاری رہی۔