خصوصی رپورٹ۔۔
کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سالا نہ انتخابات کے مکمل نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ سی آر اے کے سالانہ انتخابات برائے سال 2021 کے لیئے 11 نشستوں پر ہونے والی ووٹنگ میں یونائٹیڈ پینل کے امیدوار سمیر قریشی 79 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوئے جبکہ انکے مدمقابل جرنلسٹ پینل کے رائو عمران اشفاق نے 77 ووٹ حاصل کئے۔۔ یونائٹڈ پینل کے ذیشان شاہ نائب صدر اور سالک شاہ خازن کی نشست پر کامیاب قرار پائے – جرنلسٹ پینل کے کاشف ہاشمی جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے پر منتخب ہوئے۔ یاد رہے کہ جرنلسٹ پینل کے سیکرٹری راجہ طارق اور سیکرٹری انفارمیشن رجب علی ووٹنگ سے قبل ہی بلامقابلہ کامیاب قرار پاچکے تھے۔ گورننگ باڈی کی سات نشستوں میں سے پانچ نشستوں پر جرنلسٹ پینل کے امیدوار ریحان خان چشتی، فیضان جلیس، ندیم احمد، عبدالوحید جیلانی اور عاطف رضا کامیاب ہوئے جبکہ گورننگ باڑی میں یونائٹیڈ پینل کے 2 امیدوار سلمان لودھی اور عامر مجید بھی کامیاب قرار پائے- اس موقع پر سابق سیکرٹری سی آر اے طحہ عبیدی نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نو منتخب باڈی کو مستقبل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کرائی- اس موقع پر سابقہ باڈی کی جانب سے تشکیل دی گئی آئینی کمیٹی کے سربراہ جاوید اصغر چوہدری نے مجوزہ آئینن کا 32 صفحات پر مشتمل مسودہ نومنتخب سیکرٹری سی آر اے راجہ طارق کے سپرد کیا- اجلاس میں سی آر کے ممبران فیاض یونس اور عبیداللہ شاہ کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ سی آر اے کے آئین کی باقائدہ منظوری کے لیئے جنرل کونسل کا اجلاس جلد طلب کیا جائے، اس قرارداد کو اجلاس میں موجود ممبران کی جانب سے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا-نومنتخب صدر سمیر قریشی نے جیت کے اعلان کے بعد اپنے حریف راؤ عمران اشفاق کو اسٹیج پر بلایا اور انہیں اپنا استاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ سمیرقریشی کی نہیں راؤعمران کی جیت ہے، راؤ عمران کو ہی صدر سمجھا جائے۔۔ اس خیر سگالی کے جذبے کو حاضرین نے بہت سراہا۔۔دوسری طرف راؤ عمران اشفاق نے بھی دل بڑا کرتے ہوئے مسترد ہونے والے ووٹوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست دینے سے اجتناب کیا۔۔ دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے تمام عہدیداروں اور مجلس عاملہ کے ارکان کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ سی آر اے اپنے ارکان کی فلاح و بہبود کیلئے ماضی کی طرح کام کرتی رہے گی کے یو جے کے صدر نظام الدین صدیقی، جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام ارکان کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی آر اے کے انتخابات میں ارکان نے جس طرح بڑی تعداد میں اپنا حق رائے دہی کا استعمال کیا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سی آر اے کے ارکان جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں اور انتخابات کے نتیجے میں آنے والی کابینہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ان کے مسائل کے حل کیلئے زیادہ تندہی سے کام کرے۔(خصوصی رپورٹ)۔۔