پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ (پی ایف یو جے)، کراچی پریس کلب (کے پی سی) اور کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یو جے) کے عہدیداروں کے اعزاز میں منعقد کئے گئے احتجاجی مظاہر ے میں بھرپور شرکت اور حمایت پر اظہار تشکر کے لئےسی پی این ای کی جانب سے استقبالیہ دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت اور بھرپور تعاون پر پی ایف یو جے، کے پی سی اور کے یو جے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں اور اراکین کا شکریہ ادا کیا۔۔کراچی پریس کلب کے صدراحمد خان ملک نے کہا کہ کے پی سی پر حملے اور اخبارات کے واجبات کی عدم ادائیگیوں کے باوجود تمام میڈیا تنظیموں اور میڈیا کارکنوں کی مثالی یکجہتی سے ریاست کے چوتھے ستون صحافت کی حفاظت کے لئے جدوجہد کو تقویت ملے گی۔ پی ایف یو جے کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ ضروری ہے کہ اخباری ادارے واجبات کی وصولی کے بعد اپنے ملازمین کو فوری تنخواہیں ادا کریں کیونکہ تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی سے ملازمین فاقہ کشی، ذہنی اذیت اور معاشی بحران کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ پی ایف یو جے کے جنرل سیکریٹری سہیل افضل نے کہا کہ میڈیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون اور افہام و تفہیم سے اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی نے تجویز دی کہ میڈیا کی انتظامیہ، صحافی اور دیگر کارکنان کے مابین مسائل اور تنازعات کے حل کے لئے سی پی این ای اگر اپنا کردار ادا کرے تو صحافیوں کی تنظیمیں اس کا بھرپور ساتھ دیں گی ۔ کے پی سی کے جنرل سیکریٹری اور صحافتی تنظیم کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن مقصود یوسفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ مظاہرہ، میڈیا کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین عملی اتحاد کا پیش خیمہ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے تمام حصوں کو مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا۔ تقریب میں احمد خان ملک ، جی ایم جمالی، فہیم صدیقی ،امتیاز فاران، سہیل افضل، عاجز جمالی، سعید سربازی، طارق ابوالحسن، حسن عباس، حامد الرحمان اور سہیل جان بلوچ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سی پی این ای کے اراکین میں اعجازالحق، غلام نبی چانڈیو، طاہر نجمی، مقصود یوسفی، عبدالخالق علی، عبدالرحمان منگریو، شیر محمد کھاوڑ، عدنان ملک، بشیر احمدمیمن، حامد حسین عابدی، میاں طارق جاوید، عثمان عارب ساٹی، سعید خاور، محمد طاہر، انور ساجدی، عامر خٹک، حسینہ جتوئی، حمیدہ گھانگھرو اور دیگر مدیران موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر تکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
صحافی لیڈروں کیلئے سی پی این ای کا استقبالیہ
Facebook Comments