آل پاکستان نیوزپیپرسوسائٹی کے الیکشن ڈے پر متاثرین نوائے وقت کی بڑی تعداد نے اپنے واجبات کی وصولی کے لئے اے پی این ایس ہائوس کے باہر چلچلاتی دھوپ میں 7گھنٹے طویل دھرنادیا۔متاثرین نے اپنے مطالبات پرمبنی پلے کارڈاٹھارکھے تھے۔جس واجبات کی عدم ادائیگی، تاخیری حربے اورملازمین کی غیرقانی برطرفیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔اس موقع پر متاثرین نے ممبران اے پی این ایس میں پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔جس کامقصد نوائے وقت انتظامیہ کے مظالم سے اے پی این ایس کوآگاہ کرناتھا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کے سینئر رکن خلیل ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نوائے انتظامیہ متاثرین کے واجبات فوری اداکرے انہوں متاثرین سے اظہار یکجہتی کی اورہرممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ اس جدوجہد میں کراچی پریس کلب آپ کے شانہ بشانہ ہے۔کے یوجے دستورکے صدر راشد عزیزنے ملازمین نوائے وقت کے واجبات کی ادائیگی میں تاخیری حربے کی پرزورمذمت کی اوراسے ناقابل قبول قراردیتے ہوئے انتظامیہ کو متنبہ کیاکہ واجبات فوری دیئے جائیں بصورت احتجاج کادائرہ وسیع کردینگے۔متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کے رہنماشاکرحسین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری جدوجہد فردواحدیاچندافرادکے لئے نہیں بلکہ تمام ملازمین کے لئے ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہارکیاکہ متاثرین نوائے وقت ایکشن کمیٹی کراچی میں شامل ایک ایک ساتھی کے پورے واجبات ملنے تک یہ جہد مسلسل جاری رہے گی۔بعدازاں سی پی این ای کے صدرکاظم خان اورسیکریٹری عامرمحمود نے متاثرین سے ملاقات کی اورنہیں نوائے وقت انتظامیہ کا پیغام پہنچاتے ہوئے یقین دلایاکہ آپ لوگوں کے واجبات کے مسائل جلدحل کردئیے جائیں گے۔۔نوائے وقت کی انتظامیہ بشمول چیف ایڈیٹر محترمہ رمیزہ نظامی صاحبہ نے نوائے وقت گروپ کے کراچی آفس کے ملازمین کے بقایا جات کی ادائیگی کے حوالے سے سی پی این ای کے صدر کاظم خان کو یقین دلایا ہے کہ ادارہ کے ذمے بقایا واجبات کے مسئلے کو وہ خود فوری طور پر حل کرنا چاہتی ہیں اور تمام ورکرز کو انکا جائز حق دیا جائے گا ۔ اس ضمن میں کاظم خان صاحب نے سیکرٹری جنرل سی پی این ای عامر محمود کو یہ ذمہ داری تفویض کی ہے کہ وہ گروپ ملازمین سے بروز سوموار سی پی این ای آفس میں انکے بقایا جات کے کلیمز وصول کریں گے اور فوری طور پر نوائے وقت گروپ کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ دار عماد صاحب تک پہنچا دئیے جائیں گے اور انکی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔اس یقین دہانی کے بعد شرکاء نے دھرناختم کردیا۔
