سی پیک میڈیا فورم نے سی پیک کے خلاف جعلی اور پروپیگنڈہ خبروں کی روک تھام کے عزم کا اعادہ کیا ہے‘ سی پیک میڈیا فورم کی تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے پروپیگنڈہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ پاکستان دشمنوں نے سی پیک کے خلاف جعلی اور غلط فہمی پر مبنی خبروں کی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور پانگ چنکسو نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سی پیک میڈیا فورم کے ساتویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میڈیا فورم کا موضوع سی پیک کو جامع اور کثیرالجہتی انداز میں پیش کرنے کے لئے میڈیا کے مابین نئے تعاون بڑھانا ہوگا۔ اس کا انعقاد پاکستان چائنا انسٹیٹوٹ‘ چائنا اکنامک نیٹ اور چین کے سفارتخانے نے مشترکہ طور پرکیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ دونوں ممالک کے ذرائع ابلاغ کو ایک دوسرے سے مثبت خبروں کا تبادلہ کرنا چاہئے۔ پاکستان چائنا انسٹیٹوٹ کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اس فورم کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ سی پیک سے پاکستان میں 75ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں اور توانائی کے منصوبوں سے 5ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خصوصی ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین خصوصی تعلقات ہیں اور ان تعلقات کی دنیا میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ پاکستان میں چین کے سفارتخانے کی ناظم الامور پانگ چن ژو نے کہا کہ سی پیک کے ذریعے پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی۔ میڈیا کی خبروں کے ذریعے چین پاکستان تعلقات میں مزید تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔ سی پیک منصوبوں پر 25 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوئی۔ چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا سی پیک کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے سی پیک میڈیا فورم اہم کردار ادا کررہا ہے۔ پاکستان چائنا انسٹیٹوٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مصطفیٰ حیدر سید نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان چائنا انسٹیٹوٹ کے سی پیک کے خلاف جعلی خبروں کی نشاندہی اور ان کی روک تھام کے لئے ریپڈ ریسپانس انفارمیشن نیٹ ورک قائم کیا۔ اس موقع پر اکنامک ڈیلی کے نائب صدر ژائو ززانگ‘ آل چائنا جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو سیکرٹری تیان یوآنگ‘ اے پی سی ای اے کے سی ای او یانگ جیان ڈو‘ حمید ہارون‘ چائنا اکنامک انفارمشین سروس کے ڈائریکٹر لی یوئی‘ چائنا میڈیا گروپ کے وانگ کوائنٹنگ‘ انسٹیٹوٹ آف اسٹریٹجک سٹیڈیز اسلام آباد کے ڈی جی اعزاز چوہدری‘ شکیل احمد رامے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
![chaar hurf | Imran Junior](https://imranjunior.com/wp-content/uploads/2020/03/how-to-write.jpg)