corona ne aik or senior adakar ki jaan leli

کورونا نے ایک اور سینئر اداکارہ کی جان لے لی۔۔

معروف سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کو کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا، اُن کی نماز جنازہ ڈیفنس کراچی کی سلطان مسجد جبکہ تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں کی گئی۔دردانہ بٹ کے جنازے میں اہلخانہ، رشتہ داروں، دوست احباب اور ساتھی اداکاروں نے شرکت کی۔پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ دردانہ بٹ کورونا کے باعث 83 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے کورونا کی تشخیص کے بعد اسپتال میں زیر علاج تھیں۔اداکار خالد ملک نے دردانہ بٹ کے انتقال کی تصدیق اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں کی۔دردانہ بٹ 9 مئی 1938ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں، دردانہ بٹ نے اداکاری کا آغاز 70 کی دہائی میں کیا۔ان کے مشہور ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، ڈگڈگی، تنہائیاں، ففٹی ففٹی، رسوائی، انتظار اور دیگر شامل ہیں۔دردانہ بٹ نے فلم عشق پازیٹو، بالو ماہی، دل دیاں گلاں، خشک پتے اور پرے ہٹ لو میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔دردانہ بٹ کی پہچان تو سِلور سکرین تھی لیکن پس منظر میں وہ ایک استاد تھیں، انھوں نے ہوا بازی بھی کی اور ایک مرتبہ تو انھیں پولیس میں بھرتی ہونے کی پیشکش بھی ہوئی تھی۔درانہ بٹ کے والد برطانیہ میں پاکستان کے سفارتخانے میں ایجوکیشنل اتاشی تھے۔ انھوں نے اپنی ابتدائی تعلیم وہاں ہی حاصل کی اس کے بعد ان کے والد کا تبادلہ ہوگیا اور وہ واپس پاکستان آگئے۔ وہ اپنے والدین کی منجلی اولاد تھیں۔پی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں دردانہ بٹ نے بتایا تھا کہ جب ان کی فیملی وطن واپس آئی تو ان کی عمر صرف 11 سال تھی۔دردانہ بٹ کی 1967 میں سعید احمد خان سے شادی ہوئی جو ان کے والدہ کے قریبی رشتے دار تھے۔ دردانہ بٹ بتاتی تھیں کہ 1965 کی جنگ میں والدہ نے فیصلہ کیا تھا کہ جنگ چل رہی ہے کہیں بم ہم پر گرے اور ہم مر جائیں لہذا شادی کرلو، اس طرح ان کی شادی ہوگئی لیکن ڈیڑہ سال کے بعد ان کے شوہر کی وفات ہوگئی۔ان کی والدہ کی خواہش تھی کہ وہ دوبارہ شادی کریں لیکن انھوں نے والد کو بتایا کہ وہ پڑھنا چاہتی ہیں، اس طرح انھوں نے کالج سے گریجویشن کی اور وہاں سٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لینا شروع کر دیا۔ اس کے بعد وہ فرانس چلی گئیں جہاں فرینچ میں ڈپلومہ حاصل کیا اور واپس آکر ایک نجی سکول میں وقتی طور پر پی ٹی ٹیچر کے طور پر ملازمت اختیار کر لی۔ دردانہ بٹ نے اداکاری کے ساتھ درس و تدریس کو بھی جاری رکھا۔ انھوں نے سپین سے ایجوکیشن ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی اور بیکن ہاؤس سکول کے ساتھ منسلک رہیں اور اس سلسلے میں وہ کراچی منتقل ہوگئیں تھیں۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں