کامیڈی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ امان اللّٰہ کو لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا، وہ آج صبح انتقال کر گئے تھے۔نماز جنازہ میں گورنر پنجاب اور وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔امان اللّٰہ کی نماز جنازہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی مسجد میں ادا کی گئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، فیاض الحسن چوہان، نامور اداکار سہیل احمد، انور علی اور ناصر چنیوٹی سمیت شوبز کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے بعدامان اللّٰہ کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے قبرستان میں ہی سپرد خاک کردیا گیا۔دریں اثنا نجی ہاوسنگ سوسائٹی پیرا گون نے معروف کامیڈین امان اللہ کو قبر کے لیے جگہ دینے سے انکار کردیا ۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان قبر کے لیے جگہ دلوانے قبرستان پہنچے جہاں انتظامیہ کی جانب سے جگہ نہ دینے پر فیاض الحسن چوہان کی سوسائٹی کے ملازمین کے ساتھ تکرار ہو گئی تاہم پھر معاملہ طے پاجانے کے بعد فیاض الحسن چوہان نے اپنی نگرانی میں قبر تیار کرائی ۔میڈیا سے گفتگو میں گورنر پنجاب نے امان اللّٰہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انسان دنیا میں کم ہی پیدا ہوتے ہیں۔وزیراطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امان اللّٰہ نے ہمیشہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیریں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ساتھی فنکاروں کا کہنا تھا کہ امان اللّٰہ اسٹیج اور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ تھے۔لیجنڈ کامیڈین امان اللّٰہ گردوں اور پھپھڑوں کے عارضہ میں مبتلا تھے، جو کئی ماہ کی علالت کے بعد جمعہ کی صبح لاہور کے ایک نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔
کامیڈی کنگ امان اللہ سپردخاک۔۔
Facebook Comments