لاہورپریس کلب کے زیر اہتمام سینئر صحافی ،دانشور اور لاہور پریس کلب کے لائف ممبر مرحوم زوارحسین کامریڈ کی رسم چہلم کے موقع پر ان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کااہتمام کیا گیا۔ گذشتہ روز نثار عثمانی ہال میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس کی صدارت صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کی جبکہ مہمانا ن اعزاز پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما ممبر سنٹرل کمیٹی وچیئرمین پیپلز لیبر بیورو چودھری منظوراحمد، صوبائی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی فیصل میر ،جوائنٹ سیکرٹری لاہور پریس کلب عمران شیخ، سینئر صحافی جاوید صدیقی،اشرف سہیل ،طاہر سرور میر،تمثیلہ چشتی اور ادیب وشاعر سعید ابراہیم تھے۔تقریب کی نظامت خواجہ آفتاب حسن نے کی۔صاحب صدارت ارشد انصاری نے زورار حسین کامریڈ کی صحافی ،ادبی وسیاسی خدمات کا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ زوار کامریڈ جیسے نظریاتی لوگ صدیوں بعد پیدا ہوتے ہیں۔مرحوم نے ساری زندگی پاکستان پیپلزپارٹی کاعلم اٹھائے رکھا اور جبر واستحصال کے خلا ف جدوجہد کی۔وہ صبرو استقامت کی بہترین مثال تھے۔پیپلزپارٹی میں بھی ایسے لوگ کم ہیں جنہوں نے پارٹی سے کبھی کچھ نہیں لیا مگر ہر طرح کی صورت حال میں ساتھ بھرپور دیا، زوار حسین کامریڈ جیسے لوگ سیاسی جماعتوں کا اثاثہ ہوتے ہیں۔ارشد انصاری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ایسے کارکنوں کا خیال کرنا چاہیے کیوں کہ یہ ورکرز اور عام آدمی کی جماعت ہے۔ارشد انصاری نے پیکا قانون پر پیپلز پارٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو اگر زندہ ہوتی تو یہ ناممکن تھا کہ پیکا جیسا قانون بنتا، وہ یقینا اس کی مخالفت کرتیں لیکن صدر آصف زرداری نے اس پر دستخط کیے جو افسوسناک ہے،محترمہ بے نظیر بھٹو نے کبھی آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر سمجھوتہ نہیں کیا تھا۔انہوں نے پیکا قانون کو مارشلائی قانون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک سے مارشل لاءچلا گیایہ بھی چلے جائیں گے،اس گڑھے میں سب سیاستدان گریں گے۔پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظوراحمد نے زوار حسین کامریڈکا خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا زوار کامریڈ اور میں پی ایس ایف کاحصہ تھے اس حوالے سے ان سے شناسائی بہت پرانی ہے،مرحوم سماج میں بہتری کے لیے جدوجہد کرتے رہے،ان کے پاس بڑے مواقع تھے کہ وہ اپنے اور اپنے بچوں کے لیے بہت کچھ حاصل کر سکتے تھے لیکن انہوں نے ہمیشہ جدوجہد کو ترجیح دی،بائیں بازو کے نظریات اور بھٹو سے انہیں عشق تھا ،ایسے لوگ صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں جو معاشرے کو تبدیل کرنے کی نہ صرف سوچ رکھتے ہیں بلکہ اس کے لیے عملی جدوجہد بھی کرتے ہیں، پیپلز پارٹی ان کے بچوں کے ساتھ کھڑی ہے۔فیصل میر ،اشرف سہیل، طاہر سرور میر، تمثیلہ چشتی ،شاہدہ جبین،جاوید صدیقی اورسعید ابراہیم نے زوار کامریڈ کی صحافتی ،سماجی ،ادبی اور سیاسی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بے بسی اور بے حسی کے دور میں زوار کامریڈ اور ان کی اہلیہ روبینہ شاہین نے ایک جذبے اور عزم کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھی۔ سینئر صحافی اقبال جھکڑ ،ڈاکٹرعالم خان، جبارناصر، روشن لعل ، خالد گل نے بھی اظہا ر خیال کیا۔مقررین نے مرحوم کے ساتھ اپنی یادوں کو بھی شیئر کیا۔سینئرصحافی طارق کامران اور عمرفاروقی نے زوارکامریڈ کی جدوجہد اور ان سے اپنے ذاتی تعلقات کے حوالے سے مضامین پیش کیے۔ زوار کامریڈ کے صاحبزادے سبط حسن نے شرکائ کا شکریہ ادا کیا اور اپنے والدین کے نظریات پر کاربند رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قبل ازیں تقریب کے آغاز میں زوار حسین کامریڈ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور مرحوم اور ان کی اہلیہ روبینہ شاہین کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ تعزیتی ریفر نس میں سابق سینئر نائب صدر لاہور پریس کلب جاوید فاروقی ، ممبر گورننگ باڈی لاہور پریس کلب راناشہزاد، سینئر صحافی ساجد یزدانی ،رفیق خان، میم سین بٹ ، ندیم شیخ، فاطر شاہ ولید، قاسم رضا، شیرافضل بٹ ، غلام مصطفی ، شیرعلی خالطی ،ضمیر آفاقی ،مرکزی سیکرٹری جنرل پروگریسو رائٹرز ایسوسی ایشن پاکستان جاوید آفتاب، ضماد گریوال ،زوار کامریڈ کے اہلخانہ ،عزیز واقارب اور دوستوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کامریڈ زوارحسین کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد۔۔
Facebook Comments