خصوصی رپورٹ۔۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بلامقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ محسن نقوی کو تین سال کے لیے پی سی بی کا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پی سی بی کے تین چیئرمین تبدیل کیے جا چکے ہیں۔ دسمبر 2022 میں رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی نےکرسی سنبھالی تھی جبکہ گذشتہ برس جون میں ذکا اشرف کو پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا۔تاہم گذشتہ ماہ ذکا اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد نگران وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو بورڈ آف گورنرز میں شامل کیا گیا تھا اور اب ان کا انتخاب بطور چیئرمین کر دیا گیا ہے۔
جھنگ کے سید گھرانے سے تعلق رکھنے والے سید محسن نقوی لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔انھوں نے کریسنٹ ماڈل سکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد گورنمنٹ کالج (جی سی) لاہور میں داخلہ لیا اور یہیں سے گریجویشن کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ میں اوہائیو یونیورسٹی چلے گئے۔امریکہ سے انھوں نے صحافت کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ امریکی نیوز چینل سی این این میں انٹرن شپ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔سی این این نے انھیں بطور پروڈیوسر پاکستان کی کوریج کے لیے بھیجا جہاں ترقی پا کر انھوں نے کم عمری میں ہی ’ریجنل ہیڈ ساؤتھ ایشیا‘ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔یہ دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ ’وار آن ٹیرر‘ کا دور تھا جب 9/11 حملے کے بعد امریکی سمیت غیر ملکی افواج نے افغانستان کا رُخ کیا۔ ان دنوں محسن نقوی سی این این کے لیے رپورٹنگ کر رہے تھے اور اسی دوران انھوں نے اہم شخصیات سے تعلقات بھی بنائے۔
ان کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق وہ سی این این کے ساتھ سنہ 2009 تک منسلک رہے۔محسن نقوی نے 2009 میں محض 31 برس کی عمر میں سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی اور صحافت کے پیشے میں اپنا سکہ جمایا۔بعد میں سٹی نیوز نیٹ ورک نے قومی سطح کی خبروں کے لیے 24 نیوز ڈیجیٹل، فیصل آباد کے لیے سٹی 41، جنوبی پنجاب کے لیے روہی ٹی وی، کراچی کے لیے سٹی 21 اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’یو کے 44‘ نامی چینلز بنائے۔اسی ادارے نے لاہور سے ایک مقامی روزنامے ’ڈیلی سٹی 42‘ کا بھی آغاز کیا۔
میڈیا چینل کے مالک ہونے کے طور پر ان کی شہرت ایک ایسے شخص کی ہے جو اپنے ساتھ کام کرنے والوں کا خیال رکھتے ہیں اور انھیں بہتر مواقع دینے کی کوشش کرتے ہیں۔سید محسن نقوی ایک نجی چینل کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ سیاسی حلقوں میں بھی جانی مانی شخصیت رہے ہیں۔صحافی ماجد نظامی کے مطابق ’محسن نقوی مرحوم ایس ایس پی اشرف مارتھ کے داماد، چوہدری پرویز الہیٰ کی بھانجی کے شوہراور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت کے بیٹے سالک حسین کے ہم زلف بھی ہیں۔محسن نقوی کو پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کے بہت قریب سمجھا جاتا ہے۔‘ صحافی حامد میر کے جیو نیوز کے لیے ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ’میں آج بھی اسے (محسن نقوی کو) اپنا بیٹا کہتا ہوں۔ محسن نقوی کا کام نیوٹرل رہنا ہے۔ اس کی آزاد سوچ ہے۔ وہ ن لیگ کا وزیر اعلی نہیں ہے۔ ہمیں کوئی مشکل آتی ہے وہاں تو ہم نوٹس میں لاتے ہیں اور ہماری بات سنی جاتی ہے۔ماجد نظامی کے مطابق چوہدری شجاعت کو پی ڈی ایم کے ساتھ مذاکرات پر انھوں نے ہی آمادہ کیا تھا۔
جب عمران خان کی جانب سے جنوری 2023 میں پنجاب حکومت تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تو اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھیجے گئے دو ناموں میں محسن نقوی کا نام بھی شامل تھا۔ان کے نام پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو خاص طور پر اعتراض تھا جبکہ ن لیگ سمیت باقی جماعتوں کی جانب سے بھی انہی کے نام کی توثیق کی گئی۔عمران خان نے محسن نقوی کو بطور وزیر اعلیٰ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ ’وہ ہمیں ن لیگ سے بھی زیادہ نقصان پہنچانے والے شخص ہیں۔دوسری جانب سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا تھا کہ ’جمہوریت پسند، بے باک، بنیادی حقوق کے داعی، آئین و قانون کی سربلندی کے علمبردار، سید محسن رضا نقوی نگران وزیر اعلٰی پنجاب مقرر۔ آزادی صحافت کے پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے محسن نقوی نے بارہا خندہ پیشانی سے جبر کا سامنا کیا۔۔(بشکریہ بی بی سی اردو)۔۔