club ke phd arkaan ke aezaaz mein taqreeb

کلب کے پی ایچ ڈی ارکان کے اعزاز میں تقریب ۔۔

لاہور پریس کلب اور پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے مختلف جامعات سے (پی ایچ ڈی) کرنے والے لاہور پریس کلب ممبرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقا د پریس کلب نثار عثمانی آرڈیٹوریم میں کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی پنجاب ہائرایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر شاہد منیر جبکہ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر خالد محمود ، صدر لاہور پریس کلب اعظم چوہدری ،سیکرٹری عبدالمجید ساجد، ممبر گورننگ باڈی حافظ عدنان لودھی، رضا محمد، طلبہ و طالبات سمیت ممبرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پی ایچ ڈی ہولڈرز ڈاکٹر تنویرقاسم، ڈاکٹر ارشد علی ،ڈاکٹر شبیر سرور، ڈاکٹر اکمل سومرو، ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈاکٹر بریرہ بختاور، ڈاکٹر نوید اقبال ،ڈاکٹر شاہ نواز تارڈ، ڈاکٹر راﺅشاہد، ڈاکٹر ذیشان رفیق،ڈاکٹر ارشد بھٹی ،ڈاکٹر رابعہ نور، ڈاکٹر قیصر شریف ، ڈاکٹر مصطفی کمال ، ڈاکٹر میاں جاوید ، ڈاکٹر سعید، ڈاکٹر سلمی عنبراورڈاکٹر وقار چوہدری میں اعزازی شیلڈز اور توصیفی سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے گئے۔ڈاکٹر شاہد منیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ لاہور پریس کلب کے ممبرز میں اعلی تعلیم اورتحقیق کا ذوق وشوق پایا جاتا ہے ، تمام پی ایچ ڈی ہولڈرزکلب ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں، ہمیں میڈیا کے میدان میں سکالرز، دانشوروں اوراعلی تعلیم یافتہ افرادکی سخت ضرورت ہے، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن اعلی تعلیم وتحقیق کی سرپرستی جاری رکھے گااورپی ایچ ڈی ہولڈرز ڈاکٹرز صحافیوں کی خدمات سے مستفید ہونگے۔انھوں نے پریس کلب کی علمی وادبی سرگرمیوں کو سراہا۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود نے تقریب کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہماری جامعہ سے ایک بڑی تعداد میں کلب کے ممبران پی ایچ ڈی ہولڈرزہیں۔ صدر اعظم چوہدری اور سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین اور وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کا پریس کلب آمدپر خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پی ایچ ای سی کی علم دوستی اور صحافیوں کی حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر صدر لاہور پریس کلب کے اعظم چوہدری اور چیئرمین ڈاکٹر شاہد منیر نے پی ایچ ڈی ہولڈرزکلب ممبران میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں