بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے سول ہسپتال کوئٹہ میں ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف فیڈریشن کی جانب سے ناروا سلوک ،مقامی چینل کی ٹیم کو کوریج سے روکنے ،زدوکوب کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ میڈیا ٹیم او پی ڈیز کی کوریج کرنے گئی تھی جہاں سول ہسپتال میں پیرا میڈیکس اور ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداروں نے صحافیوں کو کوریج کرنے سے زبردستی روک دیا ۔سول ہسپتال جو کہ ایک سرکاری ادارہ ہے اسے اپنی ملکیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جو چاہئیں کرسکتے ہیں۔سینئر صحافی خالد گجر اور محب اللہ نے قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے سے رجوع کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن اور ینگ ڈاکٹرز کو کوئی اختیار نہیں کہ وہ سرکاری اسپتال میں صحافیوں کو کوریج سے روکیں۔ بیان میں وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو و دیگرمتعلقہ حکام سے واقعہ کا نوٹس اورمرتکب افراد کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ینگ ڈاکٹرز اس سے قبل بھی ایک خاتون صحافی کوہراساں کرنے سمیت میڈیا ورکرز کے ساتھ توہین آمیز سلوک اختیار کرتے آرہے ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ متعلقہ حکام ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف فیڈریشن کی جانب سے میڈیا کو کوریج سے روکنے جیسے غیر قانونی عمل کا نوٹس لیں ۔
