پاکستان کی مایہ ناز ہدایت کارہ ، اداکارہ ، فلم ساز سنگیتا بیگم نے کہا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سنیما مالکان ہیں جو اپنے ملک کی فلموں کو اہمیت نہیں دیتے۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ سنیما گھروں کو پاکستانی فلمیں تسلسل کے ساتھ چلانے کی ہدایت کی جائے وہ آرٹس کونسل کراچی میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب گپ شپ اور اپنی ریلیز ہونے والی فلم ”صرف تم ہی تو ہو“ کی پروموشن کے سلسلے میں اظہارِ خیال کررہی تھیں، اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی، حفیظ انصاری ، ایس ایم شاکر اور اختر علی اختر نے بھی خطاب کیا۔ سنگیتا بیگم نے مزید کہاکہ میری نئی فلم ایک مکمل سبق آموز اور لو اسٹوری پر مبنی ہے ۔ فلم میں مرکزی کردار دانش تیمور کا ہے جبکہ قرة العین (عینی) ہیروئن کی ہے جو پاکستان کی فلم انڈسٹری میں ایک خوشگوار اضافہ ثابت ہوگی جبکہ ساجد حسن، متیرا، نمرہ خان، شیراز وغیرہ شامل ہیں جبکہ فلم کا میوزک بھی قابل ذکر ہے فلم میں راحت فتح علی خان کا گانا بھی شامل ہے، سنگیتا نے کہاکہ وہ جلد ہی کراچی میں نئی فلم شروع کرنے جارہی ہیں۔ صدر آرٹس کونسل کراچی محمد احمد شاہ نے کہاکہ وفاقی حکومت فلم اسٹوڈیو بنا رہی ہے جس کے لئے انہوں نے 100 ایکڑ زمین حاصل کرلی ہے۔بلاول بھٹو نے بھی سندھ میں فلم کو پرموٹ کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں ،انہوں نے کہاکہ آرٹس کلچر میوزک، تھیٹر،ڈانس میں فلم ان سب کی ماں ہے، فلم ایک مکمل چیز ہے۔ ضیاءالحق کی حکومت میں فلم انڈسٹری زوال پذیرہوئی، کئی سنیما توڑ کر ان کی جگہ بڑے بڑے شاپنگ سینٹر بنادیئے گئے مگر اب دوبارہ سے پاکستان فلم انڈسٹری اپنی اصلی شکل میں بحال ہونا شروع ہوگئی ہے اور مزید مضبوط ہورہی ہے، انہوں نے ”رانگ نمبر“، ”چھلاوا“کے بعدفلم ”باجی“ اس وقت بہترین بزنس کررہی ہے، ہمارے لوگ پاکستانی فلم دیکھنے کے لئے سنیما کی طرف آنا شروع ہوگئے ہیں، انہوں نے بتایا کہ سنگیتا، کویتا اور میں ایک ساتھ اسکول میں پڑھتے تھے، پھر اس دور میں سنگیتا فلم ڈائریکٹ کرنے کا دعویٰ کرے بہت بڑی بات تھی اور اس نے یہ ثابت بھی کیا کہ عورت ہر کام کرسکتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ سنگیتا کو پرائڈ آف پرفارمنس ملنا چاہئے سنگیتا کا فلم انڈسٹری میں ایک اہم کردار ہے۔تقریب کے آخر میں ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد احمد شاہ ، اطہر جاوید صوفی اور عبدالوسیع قریشی نے سنگیتا کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی۔
سینما مالکان پاکستانی فلموں کی راہ میں رکاوٹ۔۔
Facebook Comments