میڈیا ورکرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مقدمے میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے اور انگریزی روزنامے ڈیلی ٹائمز کے مالک شہریار تاثیر کی سخت سرزنش کی ہے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آخری مہلت ہے، پندرہ دن میں ورکرز کو تنخواہیں ادا کریں یا جیل جانے کو تیار ہو جائیں ۔
چیف جسٹس نے شہریار تاثیر کی جانب سے بحث کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنی کاریں بیچیں اور لوگوں کی تنخواہیں ادا کریں، وہ بینٹلے بیچیں، آپ بڑی فیملی سے ہیں، یہ مزدور لوگ ہیں ۔
عدالت نے اپنے آرڈر میں لکھا کہ آخری مہلت دے رہے ہیں ایریرز آف ان لینڈ ریونیو ریکوری ایکٹ کے تحت کاروائی کریں گے، میڈیا ہاوسسز کے وکلاء یہ ایکٹ پڑھ لیں، تنخواہیں ادا نہیں ہوئیں تو کاروائی کی جائے گی ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جن ملازمین نے کام کیا ہے ان کو تنخواہیں نہیں ملی ان کا کیا قصور ہے، تنخواہ ورکرز کا حق ہے ۔عدالت نے کیپٹل ٹی وی کے مالکان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 دسمبر تک کی مہلت دیدی ہے ۔