پاکستان فیڈرل یوینین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر جی ایم جمالی اور سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم نے نیوز چینل24, ابتک نیوز اور کیپیٹل نیوز کو ملک کے مختلف شہروں میں بند کرنے کی شدید مزمت کی ہے۔ انہوں نے پیمرا کے اس عمل کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صحافیوں کی آواز دبانے کی ایک سازش ہے۔ جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستانی میڈیا کو پہلے ہی سے کئی ایک مسائل کا سامنا ہے مگر صحافی تمام تر مشکلات اور مسائل کے باوجود اپنے فرائض ادا کرنے میں مشغول ہیں۔ پی ایف یو جے لیڈرشپ کا کہنا ہے کہ اداروں کی بندش صحافیوں کے چولہے بند کرنے کی سازش ہے۔ ہم حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگر پیمرا اس طرح کے اقدامات سے باز نہ آیا تو اس کے خلاف پورے ملک میں ّآواز اٹھانے کے لئے احتجاج کئے جائیں گے۔دریں اثنا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے تین ٹی وی چینلز کی بندش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، اپنے ایک بیان میں کے یو جے کے صدر اشرف خان، جنرل سیکرٹری احمد خان ملک اور ارکان مجلس عاملہ نے کیپیٹل ٹی وی، 24 نیوز اور ابتک ٹی وی کی بندش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور آزادی اظہار رائے کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، لیکن ایسی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہوگی، کے یو جے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ میڈیا پر پابندیوں اور تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں کے خلاف 16 جولائی کو ملک بھر میں یوم سیاہ منایا جارہا ہے ، اس روز ملک بھر کے صحافی اور میڈیا ورکرز ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف احتجاج کریں گے اور اگر ان کا سد باب نہ کیا گیا تو پھر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کے یو جے نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ اس ملک میں آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔۔
چینلز بندش،صحافتی تنظیموں کی مذمت۔۔
Facebook Comments