وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے کونسل آف پاکستان نیوزپیپرز ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد نے پشاور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبہ اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون کی حیثیت سے میڈیا پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ہم میڈیا کی تنقید کو ہمیشہ مثبت انداز میں لیں گے، اپنی اصلاح بھی کریں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں نے اپنی تقریر میں چند مخصوص صحافیوں کا ذکر کیا تھا، کمیونٹی کے بارے میں بات نہیں کی۔ میرا مقصد صحافی برادری کی دل شکنی نہیں تھی، اس کی وضاحت کرچکا ہوں۔ اگر ہم غلطیوں کی نشاندہی نہیں کریں گے تو اصلاح کیسے ہوگی۔علی امین گنڈاپور نے کہا ہم ملک و قوم کی خاطر سب کچھ بھول کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔۔انھوں نے کہا بارات اور ڈھول لے کر لاہور جانے کی بات محاورے کے طور پر کی تھی۔ میری بات کا غلط مطلب نکالا گیا۔ سوشل میڈیا پر اس کو جو رنگ دیا جا رہا ہے وہ اسلام اور شریعت میں درست نہیں، سوشل میڈیا صارفین سے کہوں گا کہ اس طرح کی غیر اخلاقی پوسٹوں سے اجتناب کریں۔