چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے کہا ہے کہ کتاب سے دوبارہ رشتہ جوڑنے سے ہی قوم کا حال اور مستقبل بہتر ہوگا۔انہوں نے یہ بات لاہور پر یس کلب کے زیر اہتمام ہونے والے تین روزہ کتاب میلے کے دوسرے دن دورے کے دوران کہی۔ ان کی کلب آمد پر نائب صدر امجد عثمانی، لائبریری کمیٹی کے ارکان سعید اختر ، شہزاد فراموش اور سینئر کونسل ممبر ندیم شیخ نے ان کا استقبال کیا۔ سلیم بیگ نے کہا کہ اس سے بڑا المیہ کیا ہو سکتا ہے کہ شہری کتاب اور قلم کو چھوڑ کر سنگ وخشت کے دیوانے ہو گئے ہیں۔کتاب جسم میں روح کی مانند ہے- اگر جسم سے روح نکال لی جائے تو اس کی اہمیت نہیں رہتی۔ انٹرنیٹ نے لوگوں کو کتابوں سے دور کیا ہے ،لیکن جو لوگ کتاب کی اہمیت کو سمجھتے ہیں وہ اس کے بغیر خود کو نامکمل سمجھتے ہیں۔ پی ڈی ایف کتابیں کروڑوں کی تعداد میں انٹرنیٹ پر موجود ہیں مگر آج بھی کتب بینی زیادہ تر کاغذ پر شائع شدہ مواد ہی کی مرہون منت ہے۔ کتاب سے دوستی بہترین دوستی ہے۔ چیئرمین پیمرا نے لاہور پریس کلب کے کتاب میلے کو سراہااور صدر ارشد انصاری اور گورننگ باڈی کی کتاب دوست کاوش کی تعریف کی۔انہوں نے کلب کے ای لائبریری اور سولرائزیشن منصوبے کو سراہا۔انہوں نے تمام سٹالوں کا دورہ کیا اور کتابوں کی خریداری کی۔ آخر پر ان کی پسند کی ایک کتاب نائب صدر امجد عثمانی نے انہیں بطور تحفہ پیش کی۔ کتاب میلے میں صحافیوں کے علاوہ طلبہ ، وکلا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ میلے میں پر ائیڈ آف پرفارمنس کا اعزاز پانے والے شاعر نذیر قیصر ،ناول نگار آزاد مہدی ،آفتاب جاوید سمیت دیگر ادیب اور شاعر بھی شریک ہوئے۔ کتاب میلے میں 15 پبلیشر حصہ لے رہے ہیں۔ میلے میں کتابوں کی خریداری پر 50 فیصد تک رعایت دی جارہی ہے۔مختلف مقابلوں میں جیتنے والے بچوں کو کتابوں کے تحائف بھی دئیے گئے۔