اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین آئی ٹی این ای کی تقرری پہ شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و اعلانات کو حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت سے قبل چیئرمین آئی ٹی این ای کا تقرر نہ ہونے کی صورت میں وزارت اطلاعات کا جوائنٹ سیکریٹری عدالت میں ذاتی حیثیت میں پیش ہو اور پھر بھی عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو سیکرٹری اطلاعات و نشریات کو ذاتی حیثیت میں طلب کریں گے ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ورکرز دھکے کھا رہے ہیں اور حکومت چیئرمین آئی ٹی این ای کا تقرر نہیں کر رہی۔وزارت اطلاعات کی ذمہ داری ہے کہ وہ سارا عمل مکمل کرے اور منظوری کے لیے وزیر اعظم کو بھیجے۔وزارتِ اطلاعات و نشریات کی طرف سے ایس او لیگل عابد پیش ہوا اور بتایا کہ چیئرمین آئی ٹی این ای کی تقرری کے لیے سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو بھیجی ہوئی ہے منظوری کا انتظار ہے۔ورکرز کی طرف سے سید اشتیاق مصطفیٰ بخاری ایڈووکیٹ ہائی کورٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ وزارت اطلاعات و نشریات چیئرمین آئی ٹی این ای کی تقرری کی ذمہ دار ہے اور وزیراعظم وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پہ تقرر کرتے ہیں 7 مارچ سے چیئرمین آئی ٹی این ای کا عہدہ خالی ہے جس سے اخباری کارکنان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے عدم تقرری پہ جوائنٹ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
