اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے میڈیا ورکرز کے قانونی تحفظ کیلئے وزارت اطلاعات کو صحافتی تنظیموں سے مشاورت کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی کیلئے 4ہفتوں کی مہلت دیدی ہے۔ جمعہ کو انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سمیت دیگر درخواستوں پر سماعت کے دوران عمر اعجاز گیلانی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی معاون مظہر عباس و دیگر کی جانب سے تحریری معروضات عدالت میں پہلے ہی جمع ہو چکی ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے صحافتی تنظیمیں وزارت اطلاعات کے ساتھ بیٹھیں۔ عدالت نے چیئرمین آئی ٹی این ای کی تعیناتی کیلئے چار ہفتے کی مہلت بھی دیدی۔ عمر اعجاز گیلانی نے استدعا کی کہ کیس جلدی سماعت کیلئے مقرر کر دیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ چار سال بعد چھٹی جا رہا ہوں، جو چھٹی نہ کرے اس کا کام متاثر ہوتا ہے، میں تو چار سال بعد جا رہا ہوں۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
![chaar hurf | Imran Junior](https://imranjunior.com/wp-content/uploads/2020/03/how-to-write.jpg)