معروف اداکار فیصل رحمٰن نے شوبز انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کاؤچ‘ کلچر کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ماضی میں بھی شوبز کا حصہ تھا اور آج بھی ہے۔موجودہ دور کے مقبول ڈرامے ’قرضِ جاں‘ میں ’عاصم‘ کا کردار نبھانے والے فیصل رحمٰن نے ’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ اداکاری سے ایک طویل بریک لینے کے بعد دوبارہ اسکرین پر آتے ہوئے انہیں ڈر تھا کہ اسکرین پر کیسے نظر آئیں گے، کیوں کہ عمر کے ساتھ انسان کے چہرے اور شخصیت میں نمایاں تبدیلی آتی ہے۔ تاہم عوام کی پسندیدگی سے انہیں تسلی ملی۔اداکار نے نجی زندگی اور شادی نہ کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’ایک وقت تھا جب میں اپنی زندگی میں کسی کو شامل کرنا چاہتا تھا، خواہش تھی کہ کوئی میرے ساتھ رہے، جس سے میں اپنا دکھ سکھ بانٹ سکوں لیکن اب مجھے ایسی کسی خواہش کا احساس نہیں ہوتا۔انہوں نے بتایا کہ انہیں کمیٹمنٹ فوبیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ کئی مرتبہ بات شادی تک پہنچتے پہنچتے بھی بات بن نہ سکی، تاہم وہ اپنی سنگل زندگی سے مطمئن اور تنہائی میں خوش ہیں جب کہ شادی کی خواہش بھی اب ان کے دل سے ختم ہو چکی ہے۔اداکار نے انڈسٹری میں گروپنگ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’مجھے انڈسٹری سے کبھی ویسی سپورٹ نہیں ملی جیسے دوسرے اداکاروں کو ملتی ہے، کیوں کہ میں انڈسٹری کے کسی مخصوص گروپ کا حصہ نہیں ہوں اور نہ ہی میری چاپلوسی کی عادت ہے۔شوبز انڈسٹری میں کاسٹنگ کاؤچ کلچر پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے زمانے میں بھی تھا اورآج بھی موجود ہے۔اداکار کا کہنا تھا تاہم یہ کلچر صرف پاکستانی انڈسٹری کا حصہ نہیں بلکہ دنیا بھر کی شوبز انڈسٹریز میں پایا جاتا ہے اور میرے خیال میں اس میں کوئی برائی نہیں، اگر کسی کو اس میں برائی نظر آتی ہے تو اس بزنس میں نہ آئے۔