معروف مارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ ندا یاسر نے بھی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری کی ڈانس ویڈیو پر حمایت کردی۔ندا یاسر نے یاسر نواز اور بشریٰ انصاری کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں آپ سے پیار ہے، آپ اپنی زندگی انجوائے کریں کیونکہ آپ اس کی حقدار ہیں۔واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کو سلطانہ صدیقی کے گھر شادی کی تقریب میں ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس پر ساتھی اداکاراؤں نے ان کی حمایت کی تھی۔بشریٰ انصاری کو بہن سنبل شاہد کے انتقال کے کچھ عرصے بعد ہی ڈانس کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا تھا جس پر انہوں نے تفصیلی جواب دیا ہے۔اداکارہ نے وضاحت دی تھی کہ وہ گزشتہ 3 ماہ سے شدید غم میں مبتلا ہیں، اور شاید یہ غم اُن کی آخری سانسوں تک ساتھ رہے گا۔انہوں نے کہاتھا کہ ’گزشتہ دنوں فیملی کی ڈھولکی میں مجھ سے میرے دوستوں نے اصرار کیا کہ میں اب اس دُکھ اور غم سے نکلوں، سلطانہ صدیقی میری رہنما اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں لہذا ان کی خوشی میں شامل ہونے کیلئے اور ڈھولکی میں اپنی موجودگی ظاہر کرنے کے لیے 2 منٹ اذان سمیع کیساتھ ڈانس کیا۔انہوں نے کہا کہ ’اس معاملے پر لوگوں نے جو تنازع کھڑا کیا ہے اس نے مجھے شدید رنجیدہ کردیا ہے۔۔
