قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے گلوکار اور سوشل ورکر شہزاد رائے سے ٹک ٹاک کو بند کرانے کا مطالبہ کر دیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق شاہد آفریدی اور شہزاد رائے نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں آفریدی نے ٹاک ٹاک کیلئے اپنی نا پسندیدگی کا اظہار کیا اور شہزاد رائے سے کہا کہ ہر چیز کیلئے آواز بلند کرتے ہو ٹک ٹاک بھی بند کرا دو ، یہ کیا ہے کہ کبھی اس پر پابندی عائد ہو جاتی ہے اور کبھی کھول دیا جاتا ہے ۔ شاہد آفریدی نے شہزاد رائے سے کہا کہ آپ اسلام آباد تو جا رہے ہیں ، وہاں سے اسے بھی بند کروا کر آئے گا، ملک کے دور افتادہ علاقوں میں تعلیم نہیں پہنچی مگر وائی فائی پہنچ گیا ، نیٹ چلانے کیلئے بھی تعلیم درکار ہے ۔ ٹک ٹاک کی وجہ سے کتنے واقعات ہو چکے ہیں علم نہیں عوام اسے کیوں استعمال کر رہے ہیں ۔آفریدی نے کہا کہ میری بیٹی اب 19 سال کی ہوئی ہے میں نے اسے موبائل دیا ہے ، 12، 13 سال کے بچوں کے ہاتھ میں موبائل دیکھ کر حیرت ہوتی ہے ۔
