bol ne pemra ke ehkamaat hawa mein uradiye

بول نیوز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر 11 مئی کو احتجاج کا فیصلہ

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے میڈیا ہاوسز خاص طور پر بول نیوز میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہوش کے ںاخن لیں اور اپنے میڈیا ہاوسز میں تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور عدم ادائیگی کا سلسلہ بند کریں جبکہ ماضی میں منجمد کی گئی تنخواہیں بھی فوری طور پر ادا کی جائیں۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر فہیم صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں میڈیا ہاوسز کی صورتحال پر غور کیا گیا اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف میڈیا ہاوسز تاریخ کا بہترین بزنس کرنے کے باوجود میڈیا ورکرز کو وقت پر تنخواہیں ادا نہیں کررہے ہیں جس میں بول نیوز سرفہرست ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ بول نیوز کی انتظامیہ کو یاد رکھنا چاہیے کہ شعیب شیخ کی گرفتاری ہو یا بول کے ہیڈ آفس پر کسٹم حکام کا چھاپہ کراچی یونین آف جرنلسٹس نے ہمیشہ اس کے لیے آواز بلند کی ہے۔ کسٹم حکام کے چھاپے کے موقع پر کے یو جے کے صدر فہیم صدیقی دیگر ارکان کے ہمراہ بول نیوز پہنچے تھے اور کسٹم حکام کو اس بات پر مجبور کیا تھا کہ وہ اپنی غیرقانونی کارروائی روک کر ہیڈ آفس سے روانہ ہوجائیں لیکن آج اسی میڈیا ہاوس میں کے یو جے کے ارکان سمیت صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور تاخیر سے ادائیگی جیسے سنگین مسئلے کا سامنا ہے حتی کہ عید سے قبل بھی ادارے میں تنخواہ ادا نہیں کی گئی۔ کراچی یونین آف جرنلسٹس کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں شعیب شیخ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کو حل کریں بصورت دیگر ان کے لیے اٹھنے والی آواز ان کے خلاف بھی اٹھ سکتی ہے  اجلاس میں 10 مئی تک بول نیوز میں تنخواہیں ادا نہ کیے جانے پر 11 مئی کو بول نیوز کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ اجلاس میں آج نیوز میں بعض ملازمین کو تاحال مارچ کی تنخواہ کی عدم ادائیگی اور نیوز ون میں ماضی میں منجمد کی گئی تنخواہوں کی تاحال ادائیگی نہ کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور آج نیوز اور نیوز ون کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں جیو نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کے خلاف این آئی آر سی میں کیے گئے مقدمے کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا جس میں جیو کی انتظامیہ کو وہ بھی دیدیا گیا جو عدالت سے مانگا بھی نہیں گیا تھا کراچی یونین آف جرنلسٹس نے این آئی آر سی کے اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک گیر احتجاجی تحریک کے لیے تیاریاں شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس کے دوران مختلف صحافی و مزدور تنظیموں سے رابطے کیے جائیں گے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں