کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی جنرل باڈی کے اجلاس میں بول نیوز سمیت میڈیا اداروں سے صحافیوں کی برطرفی اور تنخواہوں اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور پیمرا سے مطالبہ کیا گیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف فوری طور پر کارروائی عمل میں لائے جائے۔ کے یو جے دستور کی جنرل باڈی کا اجلاس صدر خلیل احمد ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا۔، پی ایف یو جے دستور کی سیکریٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل عامر لطیف، کے یو جے دستور کے جنرل سیکریٹری نعمت خان, سیکریٹری پریس کلب شعیب احمد، سابق سیکریٹری پریس کلب مقصود یوسفی، سابق سیکریٹری پریس کلب ارمان صابر اور سابق سیکرٹری رضوان بھٹی اور دیگر سینئر صحافیوں سمیت ارکان کے یو جے نے شرکت کی۔ اجلاس میں سینئر صحافی شمس کیریو نے قرار داد پیش کی جس میں بول نیوز کی طرف سے کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شدید مذمت کی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا نئی انتظامیہ کو چینل کا انتظام سنبھالتے ہوئے پانچ ماہ ہونے کے ہے لیکن ابھی تک صرف دو تنخواہیں ادا کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ چینل سے بڑی تعداد میں صحافیوں کو برطرف کیا گیا جو قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ اجلاس نے کراچی پریس کلب سے مطالبہ کیا کہ وہ پریس کلب کے اندر بول نیوز کی طرف سے تقریبات اور پریس کانفرنس کی کوریج پر پابندی لگائے۔ اجلاس میں ادارے کے نئے مالک سمیر چشتی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ اگر انہوں نے غیرقانونی اور صحافت دشمن رویہ ترک نہیں کیا تو صحافی ان کے گھر کے اور بجلی اور ٹرانسپورٹ کمپنی کے سامنے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ اجلاس نے روزنامہ دنیا کی طرف سے بڑی تعداد میں صحافیوں کی برطرفی کی بھی شدید مذمت کی۔ دریں اثناء کے یو جے نے بول کے معاملے پر چار رکنی اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ کمیٹی کے سربراہ سینئر نائب صدر کے یو جے محمد منصف ہوں گے جبکہ اس کے اراکین میں جوائنٹ سیکریٹری وکیل الرحمان، سینئر صحافی اور رکن گورننگ باڈی کے پی سی شمس کیریو اور سینئر صحافی اور جنرل سیکریٹری سی آر اے ریحان خان چشتی شامل ہوں گے۔