pemra ne bol ke ishteharaat rokdiye

بول نیوزکے خلاف پیمرا میں درخواست۔۔۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) اور بول متاثرین کے وفد نے جنرل سیکریٹری کے یو جے  دستور نعمت خان کی سربراہی میں پیمرا کے ریجنل سربراہ  طفیل احمد چنا سے  پیمرا آفس میں ملاقات کی اور انہیں بول انتظامیہ کے خلاف واجبات کی عدم ادائیگی پر درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں بول انتظامیہ کی طرف سے تمام واجبات کی فی الفور ادائیگی اور اس پر عمل نہ کرنے پر فوری قانونی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ وفد میں جوائنٹ سیکریٹری کے یو جےدستور  وکیل الرحمان ،رکن  گورننگ باڈی  کے یو جےدستور  شاہد میرانی شامل تھے جبکہ بول متاثرین کی نمائندگی ریحان صابر اور عبید شاہ نے کی ۔ وفد نے بول  کے سابقہ ملازمین کے واجبات کی  عدم ادائیگی ، جبری برطرفیوں ، اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ریجنل  ڈائریکٹر پیمرا طفیل  احمد چنا سے تفصیلی بات کی ۔ اس موقع پر جنرل  سیکریٹری کے یوجے دستور نعمت خان نے بول متاثرین کی جانب سے  چیئرمین پیمرا کے نام تحریری درخواست بھی  جمع کرادی۔جنرل سیکریٹری کے یو جے نعمت خان کا کہنا تھا کہ  کے یوجےدستور نے  بول  نیوز کی نئی اور پرانی مینجمنٹ سے متعدد ملاقاتیں کیں اور صحافیوں کی  واجبات کی ادائیگی  کا  متعدد بار تقاضہ کیا۔ اس سلسلے میں ستمبر میں کے یو جے دستور نے چیئرمین پیمرا کے نام خط میں چینل کی ملکیت تبدیل ہونے سے قبل واجبات کی ادائیگی کی استدعا کی تھی۔ تاہم بول  انتظامیہ  ہر بار  حیلے بہانے سے کام لیتی رہی  صحافیوں کے استحصال ، تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی پر بول ہیڈ کوارٹر پر احتجاج بھی کیا گیا لیکن انتظامیہ سرد مہری سے ہی کام لیتی رہی ۔ جنرل سیکریٹری کے یوجےدستور کا کہنا تھا کہ چونکہ بول ملازمین بول کے ملازم تھے اور ہیں ادارے کی ملکیت کی تبدیلی سے ادارہ واجبات کی ادائیگی سے بری الذمہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کے یوجےدستور بول متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور اس ضمن میں بول انتظامیہ کے خلاف  پیمرا  میں تحریری شکایت  درج کرارہے ہیں تاکہ پیمرا قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے  بول انتظامیہ کے خلاف راست اقدام کرے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کا واجبات کی عدم ادائیگی پر چینل کے خلاف قانونی کارروائی کا اختیار ہے اور اس اختیار کر بروئے کار لاتے ہوئے چینل کے خلاف پیمرا سخت قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں