بول نیوز میں تنخواہوں کا بحران شدت اختیار کر گیا۔۔بول نیوز کی نئی انتظامیہ کے ٹیک اوور کئے جانے کے باوجود بھی بول نیوز کے ملازمین کے بنیادی مسائل تا حال اپنی جگہ جوں کے توں موجود ہیں۔ جن کے حل ہونے کی دُور دُور تک کوئی اُمید بھی نظر نہیں آرہی۔ پپو کے مطابق بول نیوز کے ملازمین تا حال اپنی کئی ماہ کی رُکی ھوئی تنخواہوں کے مُنتظر ہیں جس میں جون، ستمبر،اور اکتوبر کی تنخواہیں شامل ہیں۔ اب نومبر کا مہینہ شروع ہو چکا ہے لیکن ابھی تک تنخواہوں کا دور دور کا کچھ پتہ نہیں کہ کب ملیں گی؟ ملیں گی بھی یا نہیں؟ پپو نے انکشاف کیا ہے کہ تنخواہوں کا بحران اپنی جگہ نئی انتظامیہ نے فوری طور پر تین سے چار نئے شوز فوری شروع کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے، جن پر کام جاری ہے۔ ان شوز میں ایک روڈ شو، ایک انویسٹی گیٹیو کرائم شو، ایک ٹاک شو اور ایک نیا کرنٹ افیئر شو شامل ہیں۔ جن کی میزبانی کے لئے فی الحال اینکرز سے رابطے کئے جارہے ہیں۔پپو کے مطابق ان شوز کا بجٹ بھی تقریباً اپروو ہو چکا ہے اب انکی گرافکس اور پروموز پر کام چل رہا ہے عنقریب ان شوز کے اینکرزاور اُنکی ٹیم بھی فائنل کر لئے جائیں گے۔پپو کے مطابق ملازمین روز بہ روز سیخ پا ہوتے چلے جا رہے ہیں کہ جن مالکان سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے پیسے نہیں نکل پا رھے وہ کس منہ سے نئے شوز شروع کر کے ہم پر ذمہ داریاں بڑھائے چلے جار ہے ہیں۔ جبکہ نئے مالکان نے بول کے ٹیک اوور کرنے بعد ملازمین سے اپنی ابتدائی تقریر میں رُکی ھوئی تنخواہوں کی فوری ادائیگی سمیت ہر ماہ بر وقت تنخواہیں دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ مُسلسل جھوٹ ثابت ہوتا دکھائی دے رہا ہے نہ تنخواہ کیش میں اور نہ اکاؤنٹ میں۔۔ اگر کچھ مل رھا ھے تو وہ ھیں صرف جھوٹے آسرے اور کھوکھلے وعدے، جن کے سہارے ملازمین ہر روز شاید آج، شاید آج کی ایک نئی اُمید لے کر ادارے میں قدم رکھتے ہیں۔