پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے بول نیوز کے کنٹرول نیوز رضوان اعوان کے ساتھ ہتک آمیز سلوک اور زبردستی دفتر سے نکالنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سینئر صحافی رضوان اعوان سے ادارہ کی انتظامیہ معذرت کرے اور بول ورکرز کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے برعکس ان کی تنخواہوں سے ٹیکس کی کٹوتی کا سلسلہ ختم کیا جائے ۔پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ، سیکرٹری جنرل ارشد انصاری اور سیکرٹری فنانس لالہ اسد پٹھان نے کہا ہے کہ بول نیوز کی انتظامیہ نے معاہدے سے ہٹ کر ملازمین کی تنخواہوں سے جبری طور پر زیادہ ٹیکس کاٹا اور جب اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے بول نیوز کے کنٹرولر نیوز اور سینئر صحافی رضوان اعوان نے نئی انتظامیہ سے شکایت کی تو ان کی داد رسی کی بجائے انتظامیہ نے ہتک آمیز سلوک کیا اور رضوان اعوان کو زبردستی بول کے دفتر سے باہر نکال دیا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نئی بول انتظامیہ سے توقع تھی کہ وہ چینل کو پروفیشنل انداز میں چلائے گی لیکن حالیہ اقدامات نے ملک بھر کے صحافیوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ پی ایف یو جے نے مطالبہ کیا ہے کہ بول نیوز کی انتظامیہ فوری طور پر رضوان اعوان سے زیادتی کا ازالہ کرتے ہوئے تمام ورکرز کا مسئلہ حل کرے ورنہ پی ایف یو جے ملک گیر احتجاج کی کال دے گی ۔دوسری جانب دنیا نیوز کراچی سے برطرف کیے گئے تمام ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوے پی ایف یو جے نے ان کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ پی ایف یو جے کے رہنماؤں نے میڈیا کے اداروں سے جبری برطرفیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا نیوز کے برطرف ورکرز کو فوری بحال کیا جائے ورنہ پی ایف یو جے اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں اس مسئلہ کو بھی شامل کرکے ملک بھر سے صحافیوں کو کراچی میں بڑے احتجاج کے لئے کال دے سکتی ہے ۔