کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کے صدر خلیل احمد ناصر، جنرل سیکریٹری نعمت خان، دیگر عہدیداران اور اراکین مجلس عاملہ نے دنیا اخبار اور ٹی وی کے اشتہارات روکنے پر سیکریٹری اطلاعات حکومت سندھ ندیم میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات نے کے یوجے دستور کا ایک مطالبہ پورا کیا، شعبہ اطلاعات بول ٹی ، آج ٹی وی اور روزنامہ امت سمیت تمام ایسے اداروں کے اشتہارات روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے جو صحافیوں کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کرتے۔ کے یو جے رہنماؤں نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا کے اداروں کو حکومت سے کروڑوں کے اشتہارات ملتے ہیں مگر یہ سارے پیسے اپنی تجوریوں میں ڈال کر صحافیوں کو ان کی تنخواہوں سے محروم رکھ رہے ہیں جو نہ صرف شرمناک اور افسوسناک ہے بلکہ ملکی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی بھی ہے۔ صدر خلیل ناصر نے کہا کہ دنیا گروپ نے کراچی دفتر سے ایک ساتھ 60 سے زائد صحافیوں کو برطرف کر کے اسے بطور ڈمی اخبار اشتہارات کی وصولی کے غرض سے شائع کرنا شروع کردیا جس کے بعد بھی اخبار کو مرکزی اور صوبائی حکومت سے اشتہارات ملتے رہے جس پر کے یو جے دستور نے توجہ دلائی۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت بطور خاص شعبہ اطلاعات نے صحافت دوستی کا ثبوت دیتے ہوئے گروپ کے ڈمی اخبار کے ساتھ ساتھ چینل کے بھی اشتہارات روک لیئے ہیں جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی پر بھی زور دیا کہ وہ گروپ کے اشتہارات فوری طور پر روکیں۔ خلیل احمد ناصر نے کہا وفاقی نگران وزیر اطلاعات مرتضٰی سولنگی اور صوبائی نگران وزیر اطلاعات احمد شاہ سے امید ہے کہ وہ روزنامہ دنیا کے ساتھ ساتھ بول ٹی وی، آج نیوز اور روزنامہ امت سمیت ایسے تمام اخبارات کو اشتہارات کا اجرا فوری طور پر روکیں گے جو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کررہے ہیں۔ جنرل سیکریٹری نعمت خان نے کہا کہ میڈیا مالکان اربوں روپے اشتہارات کی مد میں کماتے ہیں مگر پورا مہینہ کام کرنے اور چینلز اور اخبارات کو چلانے والے میڈیا ورکروں اور صحافیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی۔ جنرل سیکریٹری کے یو جے نے کہا کہ ہم جلد سرکاری کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری اداروں کو چینلز کی صورت حال اور صحافی دشمن اقدامات سے آگاہ کریں اور ان سے ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مرتکب ہوکر ملکی قوانین کے خلاف ورزی کرنے والے چینلز اور اخبارات کے اشتہارات روکنے کی درخواست کریں گے۔