block buster tv drama pehli bar theater mein

بلاک بسٹر ٹی وی ڈرامہ پہلی بار تھیٹر میں۔۔۔

ماضی کا مقبول ترین ڈرامہ ’اَن کہی‘ اب تھیٹر پر پیش کیا جائے گا، جس کا پہلا شو 15 مارچ کو آرٹس کونسل کراچی میں ہوگا۔اس بات کا اعلان ڈرامہ نگار حسینہ معین، اداکار ساجد حسن اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جمعرات کو  آڈیٹوریم II ، احمد شاہ بلڈنگ میں ”اُن کہی“ سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ حسینہ معین ملک کی معروف ڈرامہ نگار ہیں، جن کے ڈرامے میں عورت کو کبھی کمزور نہیں دکھایا گیا،  ان کا ڈرامہ اتنا مضبوط ہوتا تھا کہ لوگ اس کے سحر میں مبتلا ہو جاتے۔اس موقع پر  حسینہ معین نے کہا کہ ”اَن کہی“ میرے لیے بہت اہم ہے، ”اَن کہی“ کو بھارت والوں نے فلم کے لیے مانگا مگر میں نے منع کردیا، یہ میرا اسٹیج کے لیے پہلا شو ہوگا دعا ہے کہ آپ مایوس نہ ہوں اور مجھے خوشی ہوگی کہ یہ ڈرامہ تھیٹر کی صورت میں بھی کامیاب رہے۔اس موقع پر اداکار ساجد حسن نے کہا کہ ہم اپنے رائٹرز کو بھلاتے جارہے ہیں، حسینہ آپا جیسے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دینا چاہیے، ”اَن کہی“ کی اجازت دینا حسینہ آپا کی فراخ دلی ہے، یہ ایک تحریک ہے جو ہمیں مل کر چلانی ہوگی ۔۔اَن کہی تھیٹر کے ہدایت کار داور محمود نے کہا کہ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا مشکور ہوں، ”اَن کہی“ کی کہانی بہت یونیورسل ہے جن لوگوں نے یہ ڈرامہ پہلے نہیں دیکھا اُن کے لیے بہت زبردست ہوگا۔اَن کہی کی ہیروئن شہناز شیخ کے کردار کو تھیٹر میں پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس نے کہا کہ  یہ میرے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں، اس سے قبل میں نے کبھی تھیٹر نہیں کیا۔

How to Write for Imran Junior website1
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں