اداکاری سے پہلے فیکٹری میں کام کیا، شبیرجان۔۔

سینئر اداکار شبیر جان نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکاروں کی زندگی بھارتی اداکاروں سے کافی مختلف ہے، جو چیزیں اور سائل انڈین ایکٹرز کو دستیاب ہیں، وہ ہمارے پاس نہیں۔شبیر جان  ’ہنسنا منع ہے‘ میں شریک ہوئے، جہاں  انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 25 سال کی عمر کے بعد اداکاری کرنے کا سوچا اور انہیں پہلے موقع حاصل کرنے میں چند سال لگے۔انہوں نے بتایا کہ اداکاری شروع کرنے سے قبل انہوں نے تقریبا ہر طرح کے کام کرکے دیکھے، انہوں نے فیکٹری میں ملازمت کرنے سمیت دوسری نوکریاں بھی کیں۔شبیر جان نے کہا کہ انہیں جلد ہی معلوم ہوگیا تھا کہ نوکریاں کرنا ان کے مزاج کے خلاف ہے، وہ ملازمتیں نہیں کر سکیں گے۔اداکار نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کا پہلا موقع حاصل کرنے کے لیے چار سال محنت کی اور پھر پی ٹی وی پر کام کے دوران وہ بہت سارے نامناسب واقعات بھی برداشت کرتے رہے۔ان کا کہنا تھا کہ چوں کہ اس وقت صرف ایک ہی چینل پی ٹی وی تھا، اس لیے ان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے اپنے مزاج کے خلاف باتیں بھی برداشت کیں، تاہم انہوں نے خلاف مزاج باتوں کی تفصیلات نہیں بتائی۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ جوانی میں بھی زائد الوزن تھے اور اب بھی ایسے ہیں، کیا انہوں نے کبھی بھارتی اداکاروں کی طرح وزن کم کرنے کی کوشش کی؟اس پر شبیر جان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ ہر روز وزن کم کرنے سے متعلق سوچتے ہیں اور پھر ہر روز اپنی ہی بات کو بھول جاتے ہیں۔شبیر جان کے مطابق بھارتی اداکاروں کے پاس اتنے پیسے ہیں کہ انہیں تندرست رکھنے کے لیے فٹنیس ٹرینر ان کے گھر آتے ہیں، انہیں غذائی مشورے دینے والے ماہر غذائیات ان کے پاس آتے ہیں اور وہ ماہرین کی رائے سے کھانے کھاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اداکار خود ہی کھانا بناتے اور خود ہی کھاتے ہیں اور اسی پر گزارا کرتے ہیں۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں