بی بی سی نے پاکستان میں اپنے سامعین، قارئین اور ناظرین کی بہتر خدمت اور اپنی رقم کے صحیح استعمال کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے، اپنی شارٹ ویو پر نشریات کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس کی ترجیح ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز اور ٹیلیویژن ہوں گے۔بی بی سی پاکستان میں قابل بھروسہ خبریں پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور پاکستان اور دنیا بھر میں اپنے سامعین، قارئین اور ناظرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی خدمت کے عزم پر قائم رہے گا۔بی بی سی نیوز اردو اس برس کے آخر میں حالت حاضرہ اور خبروں کے پروگرام سیربین کی شارٹ ویوز اور میڈیم ویوز پر نشریات بند کر دے گا۔ تاہم گلوبل نیوز بیٹ اور ایف ایم بلیٹنز جو بی بی سی اپنے ایف ایم پارٹنرز کے اشتراک سے نشر کرتا ہے ان کا سلسلہ جاری رہے گا اور یہ کوشش بھی کہ بی بی سی نیوز اردو اپنے ریڈیو مواد کو نوجوانوں کی دلچسپی کے مطابق کیسے ڈھالے۔
بی بی سی اردو سروس کی ویب سائٹ، یوٹیوب چینل اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز پر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے متعلق کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے۔بی بی سی اردو ٹیلیویژن کے ذریعے سیربین کی نشریات پیر سے جمعہ پاکستان کے وقت کے مطابق شام سات بجے بدستور جاری رہے گی۔ ٹیلی ویژن کا سیربین ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔پاکستان میں ٹیلی ویژن کے سامعین کی تیزی سے بڑی ہوئی تعداد اور ڈیجیٹل میڈیا تک ہر جگہ رسائی کی وجہ سے شارٹ ویو پر ریڈیو کے سامعین کی تعداد میں بہت کمی واقع ہوئی ہے۔ سنہ 2018 میں بی بی سی کی جانب سے پاکستان میں رائے عامہ کے ایک جائزے سے اس رجحان کی تصدیق ہوئی تھی۔
آڈینس ریسرچ نے یہ بھی بتایا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان کے ذریعے نئے سامعین، قارئین اور ناظرین کی تعداد بڑھ رہی ہے جن میں نوجوان اور خواتین کی تعداد نمایاں ہے۔
بی بی سی اردو کی سربراہ مہوش حسین نے ریڈیو پر سیربین کی نشریات بند ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سامعین جو دہائیوں سے بی بی سی کی نشریات سنتے چلے آئے ہیں، ان کی تعداد بہت تیزی سے کافی کم ہوتی جا رہی ہے۔ریڈیو نشریات بند کرنے کا ‘فیصلہ اس لیے کیا گیا کیونکہ ہم نے یہ دیکھا ہے کہ اس وقت پاکستان میں ٹی وی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر آڈیئنس بڑھتی چلی جارہی ہے۔ تو اس وجہ سے فیصلہ کیا گیا تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔تاہم مہوش حسین نے وضاحت کی کہ بی بی سی اردو کے اہم پروگرام سیربین کی نشریات ختم ہو رہی ہیں لیکن گلوبل نیوز بیٹ پروگرام (جی این بی) کے چھ بلیٹنز کے علاوہ ایف ایم پر بھی نشریات جاری رہیں گے۔(بشکریہ بی بی سی)۔۔