انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمندنے سابق سینیٹرفیصل رضاعابدی کی جانب سے ٹی وی چینل کو انٹرویو کے دوران چیف جسٹس کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے سے متعلق کیس میں ٹی وی کے مالک اور پروڈیوسر کی ضمانتیں منظور کر لیں، فاضل جج نے ویب ٹی وی کے مالک ہنس مسرور اور پروڈیوسر احسن سلیم کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرتے ہوئے دونوں کی ضمانتیں منظور کر لیں جبکہ ملزمان کو 80،80 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ۔دوسری جانب چیف جسٹس سے متعلق اشتعال انگیز انٹرویو کے مقدمہ میں شریک ملزمہ شہناز شیخ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی جبکہ فیصل رضا عابدی کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی، منگل کو سماعت کے دوران فیصل رضا عابدی کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا،فاضل عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 دسمبر تک کی توسیع کردی جبکہ شریک ملزمہ شہناز شیخ کی عدم گرفتاری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا، فاضل جج نے ہدایت کی ایک ماہ میں ملزمہ کے پیش نہ ہونے کی صورت میں اسے اشتہاری قرار دیدیا جائیگا۔