معروف اداکارہ سارہ لورین نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 12 سال کی عمر سے اعتکاف میں بیٹھ رہی ہیں اور جب بھی مشکل میں ہوتی ہیں تو اللّہ تعالیٰ سے رجوع کرلیتی ہیں۔حال ہی میں سارہ لورین نے ایک خصوصی انٹرویو میں اپنے کیرئیر سمیت نجی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بات کی ۔ سارہ لورین نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو، تین برس سے کام نہیں کررہی ہیں کیونکہ وہ شدید ڈپریشن میں مبتلا تھیں۔اُنہوں نے کہا کہ ایک انتہائی کم عرصے کے دوران میری زندگی میں کافی کچھ ہوا، میں نے اپنا نام تبدیل کیا، پھر بالی ووڈ جاکر کام کیا، اُس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ میرے پاس سب کچھ ہے لیکن وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا۔اداکارہ نے کہا کہ پاکستان میں بھی نئی نئی فلمیں بن رہی ہیں لیکن بالی ووڈ کے بعد یہاں آکر کام کرنے نے مجھے پریشان کردیا ہے اور اب میری حالت ایسی ہوگئی ہے کہ میں کیمرے کا سامنا نہیں کرسکتی۔سارہ نے کہا کہ لوگوں کو اس بارے میں نہیں معلوم کہ میں نماز پڑھتی ہوں اور اعتکاف میں بھی بیٹھتی ہوں کیونکہ لوگ مجھے عیسائی سمجھتے ہیں۔
