پی ایف یو جے کے سابق صدر نثار عثمانی مرحوم اور سابق سیکرٹری جنرل سی آر شمسی مرحوم کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پی ایف یو جے کے قائدین نے آزادی اظہار کے لئے بے پناہ جدوجہد اور لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ قائدین نے جو مشن شروع کیا تھا وہ جاری رہے گا۔ آزادی اظہار رائے پر کسی طرح کی قدغن قبول نہیں کریں گے، جمہوری آزادیاں کسی بھی ملک کی ترقی کے لئے ناگزیر ہیں۔ پی ایف یو جے نے ہمیشہ اظہار رائے کی آزادی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں۔ ہمیشہ آزادی اظہار کے پرچم کو سربلند رکھا، جب سے پاکستان بنا آزادی اظہار پر پابندیاں لگانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں ان پابندیوں کا قائدین نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، کوڑے کھائے، جیلیں کاٹیں لیکن اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اظہار رائے کی آزادی پریس کی آزادی سے مشروط ہے۔ پی ایف یوجے ہمیشہ اصولوں پر کھڑی ہے ہم آج بھی قائدین کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں۔ پی ایف یو جے کے سابق سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک، نیشنل پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، علی رضا علوی، عابد عباسی، ندیم چوہدری، راجہ بشیر عثمانی، جاوید بھاگٹ، جاوید صدیقی، مہتاب حیدر، ارشاد انصاری، راجہ ندیم اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یو جے کے قائدین نے ہمیشہ اظہار رائے پر پابندیوں کو مسترد کیا ہے ماضی میں بھی پی ایف یوجے نے سنسر شپ اور اظہار رائے کی آزادی کو سلب کرنے کے خلاف تحریک چلائی ہے جو تاریخ کا حصہ ہے۔ ہماری جدوجہد پورے عزم کے ساتھ آج بھی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ جب پی ٹی آئی کی حکومت پی ایم ڈی اے بل لانے کی کوشش کر رہی تھی تو ہم نے ڈٹ کر مقابلہ کیا پارلیمنٹ کے سامنے 24 گھنٹے کا دھرنا دیا جس پر حکومت مجبور ہوئی اور وہ بل واپس لے لیا انہوں نے کہا کہ ہمارا ماضی تابناک ہے۔ مقررین نے نثار عثمانی سی آر شمسی سمیت دیگر قاہدین کی آزادی اظہار کے لئے عظیم جدوجہد اور قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قائدین کی قربانیوں کے نتیجے میں آج ہماری تنظیم پاکستان کی نمائندہ اور متحرک تنظیم بن چکی ہے ہم آج بھی اپنے قائدین کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں۔
آزادی اظہاررائے پرکوئی پابندی قبول نہیں،مقررین۔۔
Facebook Comments