پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کی قیادت نے مطالبہ کیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 کے حق و پاسداری میں اظہار رائے پر ادارتی حکم ناموں کی پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائیں۔ محنت کشوں کے عالمی یومِ مئی پر اپنے پیغام میں صحافیوں کی مرکزی تنظیم پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہا ہے کہ محنت کرنے والے اور قلم کی آبرو کے امین صحافیوں کی ان خدمات اور قربانیوں کو تسلیم کیا جانا ضروری ہے جنہوں نے اپنے فرائض کی بجا آوری میں کسی دبائو یا خوف کی پرواہ نہیں کی بلکہ انسانی آزادی اور عوام کے اظہار رائے کے بنیادی حق کی پاداش میں قربانیاں دیں اور آج بھی بے روزگاری اور تنخواہوں میں کٹوتی کے عذاب سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مختلف حیلے بہانوں سے آزاد صحافت اور اظہار پر پابندیاں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، جو یومِ مئی کی آزادی کے پیغام کی صریحا ً خلاف ورزی ہے۔ یومِ مئی کے پیغام پر پی ایف یو جے عالمی محنت کش قلم کے مزدور صحافیوں کی جدوجہد کے شانہ بشانہ ہر اس محاذ پر نہ صرف پرعزم کھڑی ہے بلکہ اظہار کی آزادی کی ہر عالمی تحریک سے اظہار یکجہتی بھی کرتی ہے۔

آزادی اظہاررائے پر پابندیاں ختم کی جائے، پی ایف یوجے۔۔
Facebook Comments